دنیا

ترکی کی مسجد کا 'قبلہ' 37 برس بعد درست کردیا گیا

حالیہ تعینات ہونے والے امام نے انکشاف کیا کہ 1981 میں تعمیر ہونے والی مسجد کا محراب غلط جگہ پر تعمیر کیا گیا تھا۔

ترکی میں ایک مسجد میں نمازی تقریباً 4 دہائیوں تک غلط رخ پر نمام پڑھتے رہے لیکن نئے امام نے اس غلطی کی نشاندہی کردی۔

دی انڈپینڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق ترک اخبار ڈیلی صباح نے بتایا کہ ترکی کے مغربی صوبے یلووا میں قائم مسجد کی تعمیر میں ایک اہم غلطی سامنے آئی جس میں نمازی حضرات جنہیں قبلہ رخ ہونا تھا، وہ قبلے سے 33 ڈگری غلط سمت میں سجدہ کرتے تھے۔

مزید پڑھیں: قبلے کی سمت جاننے میں مددگار گوگل ایپ

تاہم مسجد میں گزشتہ سال تعینات ہونے والے امام نے مسجد کی تعمیر اور اس کے غلط سمت ہونے کی اطلاعات پر مقامی علماء کرام سے مشاورت کی۔

علماء کرام نے مسجد کے حوالے سے اطلاعات کی تصدیق کی اور کہا کہ 1981 میں جب مسجد کی تعمیر کی جارہی تھی تب سے ہی اس کا محراب غلط جگہ پر تعمیر کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ممنوعہ سرزمین: ایک پاکستانی کا سفرِ اسرائیل

مسجد کے امام نے فوری طور پر کارپٹ پر سفید پٹیاں لگا کر نمازیوں کو صحیح سمت میں نماز پڑھنے کی ہدایت جاری کی۔

امام کا کہنا تھا کہ ہم نے اس صورتحال کے حوالے سے علماء کرام سے بات کی ہے جنہوں نے ہمارے اقدام پر مثبت رد عمل دیا ہے۔