پاکستان

کراچی کے فنڈز کے استعمال کی نگرانی کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ

وفاق سے جانے والے فنڈز کراچی میں صحیح طرح سے خرچ نہ ہونے کی شکایات ہیں، وزیر اطلاعات فواد چوہدری

وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کراچی کی ترقی اور شہر کے فنڈز کے استعمال کی نگرانی کے لیے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی بنائی گئی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کراچی کے لیے بنائی گئی اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی جس کی سربراہی گورنر سندھ کریں گے اور کمشنر کراچی صالح فاروقی کراچی کمیٹی کے سیکریٹری ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے 6 ارکان کا تعلق کراچی سے ہے،وفاق سے جانے والے فنڈز کراچی میں صحیح طرح سے خرچ نہ ہونے کی شکایت ہیں۔

مزید پڑھیں : ہم پاکستان کو سمجھوتے پر نہیں چلاسکتے، فواد چوہدری

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو کراچی میں بھرپور نمائندگی دی گئی ہے ، کراچی کی بہتری کے لیے کمیٹی کی سربراہی گورنرسندھ کریں گے۔

وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ اختیاری کمیٹی صوبائی حکومت کو بھی ساتھ لے کر چلے گی کیونکہ ان کے بغیر معاملات مکمل نہیں ہوسکتے۔

فواد چوہدری نے حکومتی معاملات میں تبدیلیوں سے متعلق بتایا کہ وزیرخارجہ کے سوا کوئی وزیرسال میں 3 سےزائد غیرملکی دورے نہیں کرےگا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے این ایف سی ایوارڈ میں ایڈجسٹمنٹ کرنی ہے جس میں فاٹاکو 3 فیصد حصہ جائےگا، این ایف سی ایوارڈ میں صوبے اپناحصہ کم کرکے فاٹا کودیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : ’اپوزیشن جتنا رونا ہے رولے، احتساب کا عمل نہیں رکے گا‘

اہم فیصلوں سے متعلق انہوں نے بتایا کہ ہم نے چینی کی برآمدات بڑھانے کا کہا تھا کہ کسانوں کو سہولت ملے اور مل مالکان چینی بیچ کر انہیں پیسے دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اب مل مالکان کہہ رہے ہیں کہ کرشنگ سیزن دیر سے شروع کیا جائے گا جو سراسر غلط ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے خود دیکھا تھا کہ کسانوں کو کن حالات کا سامنا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے کسان کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا ہے کہ کرشنگ سیزن ہر حال میں 15 نومبر کو شروع کیا جائے گا۔