ریپ الزام ثابت ہونے پر بھی شتروگن کا ہدایتکار کے ساتھ کام کرنے کا اعلان
گزشتہ ماہ دو خواتین نے ہدایت کار سبھاش گھائے پر انہیں جنسی ہراساں اور ریپ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
بولی وڈ معروف اداکار شتروگن سنہا کا کہنا ہے کہ اگر ان کے قریبی دوست اور ہدایت کار سبھاش گھائے پر لگے جنسی ہراساں اور ریپ کے الزامات ثابت بھی ہوجائیں تو اس کے باوجود بھی وہ ان کے ساتھ کام ضرور کریں گے۔
ہندوستان ٹائمز کو دیے ایک انٹرویو میں شتروگن سنہا سے بھارت میں جاری می ٹو مہم اور ان کے قریبی دوست ہدایت کار سبھاش گھائے پر لگے الزامات کے حوالے سے سوال پوچھے گئے۔
شتروگب سنہا کا کہنا تھا کہ ’میں می ٹو مہم کے ساتھ ہوں، اپنے 40 سالہ کیریئر میں میں نے آج تک کسی خاتون کے ساتھ بدسلوکی نہیں کی، میں ہر خاتون کی عزت کرتا ہوں، لیکن اب مجھے لگتا ہے کہ اس مہم کا غلط استعمال بھی کیا جارہا ہے‘۔