رنگ بدلتی کالام کی خوبصورت ’ کُو‘ جھیل
رنگ بدلتی کالام کی خوبصورت ’ کُو‘ جھیل
’وہ دیکھو، پانی اپنا رنگ بدل رہا ہے!‘
ہمارے ایک ساتھی نے عالمِ حیرانی میں طلوع ہوتے ہوئے سورج کی کرنیں جھیل کی سطح پر پڑتے ہی ہمیں بلند آواز سے مخاطب کرتے ہوئے کہا۔ میری نظریں چونکہ پہلے ہی سے اس خوبصورت جھیل میں لمحے بھر میں ہونے والی تبدیلی سے حیران تھیں اور میں سمجھ رہا تھا کہ گویا خواب دیکھ رہا ہوں یا میرا وہم ہے۔ مگر ساتھی کی اس آواز نے تصدیق کردی کہ یہ خواب نہیں بلکہ جھیل کا پانی واقعی رنگ بدل رہا ہے۔
یہاں ذکر ہو رہا ہے کُو جھیل کا، جو کالام کی وادی ’اَنَکار‘ میں سطح سمندر سے 10,800 فٹ کی بلندی پر واقع ہے۔
یہ جھیل الپائن رینج میں واقع ہے۔ آپ اَنَکار وادی سے 7 سے 8 گھنٹے کی پیدل مسافت کے بعد یہاں پہنچ سکتے ہیں۔ اَنَکار وادی کی طرف کالام سے ایک کچی سڑک جاتی ہے، جس پر فور بائے فور گاڑیاں آپ کو منزل تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔