پنجاب سے دبئی پہنچنے والی ‘پنکی میم صاحب’ کے بدلتے انداز
دبئی کی خاتون فلم ساز شازیہ علی خان کی آنے والی فلم ‘پنکی میم صاحب’کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس سے فلم کی پوری کہانی کو سمجھنا مشکل ہے۔
تاہم فلم کے پہلے ٹریلر کو دیکھ کر یہ اندازا ضرور ہوتا ہے کہ اس فلم کی کہانی واقعی روایتی فلموں سے ہٹ کر ہے اور اس بار پاکستانی شائقین کو ایک منفرد کہانی دیکھنے کو ملے گی۔
اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ جہاں اس کی ہدایات دبئی کی ڈائریکٹر دے رہی ہیں، وہیں اس میں کام کرنے والے اداکاروں میں پاکستانی اور بھارتی اداکار شامل ہیں، علاوہ ازیں فلم کی دیگر ٹیم ارکان میں بھی تینوں ممالک کے لوگ شامل ہیں۔
فلم کی کہانی ایک پاکستانی لڑکی کے گرد گھومتی ہے، جو پنجاب کے چھوٹے سے گاؤں سے عالمی شہر دبئی جاتی ہیں۔
پاکستانی لڑکی کا کردار حاجرہ یامین نے ادا کیا ہے، جو ملازمت کے حصول کے لیے دبئی پہنچتی ہیں،جہاں وہ گاؤں اور اپنے ملک سے انتہائی منفرد، رنگین، بولڈ اور مسائل سے بھری ہوئی زندگی کا سامنا کرتی ہے۔