کھیل

'کوبرا سانپ' نے انگلش کرکٹ ٹیم کی پریکٹس میں خلل ڈال دیا

سری لنکا میں موجود انگلش کرکٹ ٹیم پریکٹس کر رہی تھی کہ اسی دوران میدان میں سانپ نے انٹری مار دی۔

سری لنکا کے دورے پر موجود انگلینڈ کی ٹیم دمبولا میں بارش سے متاثرہ دو ون ڈے میچز کھیلنے کے بعد تیسرے میچ کے لیے کینڈی پہنچ گئی ہے لیکن یہاں کا سفر بھی ان کے لیے کچھ خوشگوار ثابت نہیں ہوا۔

انگلینڈ کی ٹیم پریکٹس کے لیے پالے کیلی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پہنچی لیکن وہاں ایک بن بلائے مہمان کی آمد نے انگلش ٹیم کی پریکٹس میں خلل ڈال دیا۔

یہ بھی پڑھیں: گھر میں 23 سانپوں سے لاعلم خاندان

انگلش ٹیم میدان میں ٹریننگ کر رہی تھی کہ اسی دوران وہاں ایک سانپ نے انٹری دی اور مہمان ٹیم پریکٹس روکنے پر مجبور ہو گئی۔

انگلش کرکٹ بورڈ نے واقعے کی ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے جس میں گراؤنڈ کے اسٹاف کو 'کوبرا سانپ' کو پکڑنے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس تمام عمل کے دوران اطراف میں موجود کھلاڑی اور دیگر افراد اسمارٹ فون سے ویڈیو بناتے رہے۔

انگلینڈ کی ٹیم ان دنوں سری لنکا میں موجود ہے جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ ایک گھنٹے کے کھیل کے بعد ہی بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی کے جے سوریا پر کرپشن کے الزامات

سیریز کا دوسرا میچ بھی بارش سے متاثر ہوا لیکن اس میچ میں کپتان آئن مورگن کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے میزبان کو 31رنز سے مات دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی تھی۔

پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ 17اکتوبر کو کینڈی میں کھیلا جائے گا۔