ضمنی انتخابات: آئی ووٹنگ کی ویب سائٹ پر ہیکرز کا حملہ
ضمنی انتخابات میں بیرون ملک مقیم پاکستانی ووٹرز کے لیے بنائی گئی انٹرنیٹ ووٹنگ (آئی ووٹنگ) کی ویب سائٹ پر ہیکرز کی جانب سے حملے کی کوشش کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ہیکرز نے www.overseasvoting.gov.pk ویب سائٹ پر بیک وقت 10 ہزار سے زائد حملے کیے، جنہیں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) حکام کی جانب سے ناکام بنا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ہیکرز کے حملوں کے باوجود پولنگ کے دوران ایک مرتبہ بھی یہ ویب سائٹ ڈاؤن نہیں ہوئی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی خضر عزیز کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ بالکل ٹھیک چل رہی ہے، لوگوں کی رسائی زیادہ ہونے کی وجہ سے ویب سائٹ سست ہوئی، تاہم لوڈ کے باعث ایسا ہونا معمول کی بات ہے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پہلی مرتبہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کو ووٹ کا حق دیا گیا اور انہوں نے ای ووٹنگ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 80 فیصد ووٹرز نے ای ووٹنگ کے ذریعے ضمنی انتخابات میں ووٹ کاسٹ کرچکے ہیں۔