لائف اسٹائل

سبھاش گھائے پر بھی خواتین کا ریپ اور جنسی ہراساں کا الزام

اکشے کمار، شاہ رخ اور انیل کپور جیسے اداکاروں کی فلموں کی ہدایات دینے والے ہدایتکار کے خلاف شکایت بھی درج کروادی گئی

کم سے کم 30 معروف بولی وڈ فلموں کی ہدایات دینے والے 73 سالہ ڈائریکٹر سبھاش گھائے کے خلاف بھی 2 خواتین نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کردیے۔

سبھاش گھائے کے خلاف 2 روز قبل ہی ٹوئٹر پر ایک خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ ڈائریکٹر نے ایک خاتون کو زبردستی شراب منشیات دینے کے بعد ریپ کا نشانہ بنایا۔

ماہیما ککرجی نامی ایک خاتون نے 11 اکتوبر کو ایک نامعلوم خاتون سے کی گئی اپنی گفتگو کے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ 73 سالہ ہدایت کار نے ایک خاتون کو زبردستی منشیات دی، جس کے بعد انہوں نے خاتون کا ریپ بھی کیا۔

ماہیما ککرجی نامی خاتون نے متاثرہ خاتون سے کی جانے والی گفتگو کے اسکرین شاٹ بھی شیئر کیے، جن میں متاثرہ خاتون نے ان سے اپنا نام خفیہ رکھنے کی اپیل بھی کی اور اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی سے پردہ بھی اٹھایا۔

اگرچہ سبھاش گھائے نے ماہیما ککرجی کی جانب سے الزامات لگائے جانے کے بعد فوری طور پر الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ خواتین کا احترام اور عزت کرتے ہیں، تاہم انہیں ایسے الزامات پر تکلیف پہنچی۔

تاہم اب سبھاش گھائے پر ابھرتی ہوئی اداکارہ اور ماڈل کیٹ شرما نے بھی جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے خلاف پولیس میں شکایت بھی درج کروادی۔

بھارتی نشریاتی ادارے ‘ایشین نیوز انٹرنیشل’ (اے این آئی) کے مطابق کیٹ شرما نے ممبئی کے وروسوا تھانے میں ہدایت کار کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کی شکایت درج کروادی۔

اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ سبھاش گھائے نے انہیں 2 ماہ قبل 6 اگست کو اپنے گھر پر بلایا اور نصف درج افراد کے سامنے مساج کرنے کی فرمائش کی۔

کیٹ شرما کے مطابق انہوں نے ہدایت کار کی خواہش کے مطابق لوگوں کے سامنے ان کی مساج کی، تاہم اس کے بعد بھی ہدایت کار بعض نہ آئے اور ان سے انتہائی نامناسب کام کا مطالبہ کردیا۔

اداکارہ کے مطابق جب وہ ہدایت کار کا مساج کرنے کے بعد فارغ ہوکر دوسرے کمرے میں گئیں تو سبھاش گھائے وہاں آگئے اور انہیں زبردستی بوسہ دینے کی کوشش بھی کی۔

نیوز 18 کے مطابق کیٹ شرما نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ سبھاش گھائے نے ان سے اپنے ساتھ رات گزارنے کا مطالبہ بھی کیا اور ساتھ ہی دھمکی بھی دی کہ اگر وہ ایسا نہیں کریں گی تو ہدایت کار انہیں فلموں میں متعارف نہیں کرائیں گے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق کیٹ شرما نے پولیس میں شکایت درج کروانے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور سبھاش گھائے بہترین دوست کی طرح تھے، تاہم انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ہدایت کار ان کے ساتھ ایسا بھی کریں گے۔

دوسری جانب سبھاش گھائے نے کیٹ شرما کے الزامات کو بھی مسترد کرتے ہوئے ٹوئیٹ کی کہ وہ ‘می ٹو’ مہم اور خواتین کی خود مختاری کے زبردست حامی ہیں۔

ساتھ ہی سبھاش گھائے نے کہا کہ ان کی قانونی ٹیم ان کے خلاف لگائے گئے الزامات کا جائزہ لے رہی ہے۔

کیٹ شرما نے تاحال کسی فلم میں کام نہیں کیا—فوٹو: انسٹاگرام

خیال رہے کہ سبھاش گھائے نے 1970 کے بعد بطور اداکار اپنے کیریئر کا آغاز کیا، تاہم جلد ہی انہوں نے اداکاری کو چھوڑ کر ہدایت کاری میں اپنی قسمت آزمائی، انہوں نے پہلی فلم ‘کالی چرن’ کی ہدایات 1976 میں دیں۔

ان کی مشہور فلموں میں ‘کرما، رام لکھن، کھل نائیک، تری مورتی، پردیس، تال، یادیں، اعتراض، کانچی اور ہیرو’ شامل ہیں، انہوں نے مجموعی طور پر 30 کے قریب فلموں کی ہدایات دیں۔

ان پر الزامات لگانے والی اداکارہ اور ماڈل کیٹ شرما نے اگرچہ تاحال کسی فلم میں کام نہیں کیا، تاہم وہ اسٹار پلس سمیت دیگر ٹی وی چینلز کے ڈراموں میں جلوہ گر ہوچکی ہیں۔

علاوہ ازیں کیٹ شرما مختلف فیشن شوز اور برانڈز کی تشہیر میں ماڈلنگ بھی کر چکی ہیں، وہ اپنی بولڈ تصاویر کی وجہ سے سوشل میڈیا پر چھائی رہتی ہیں۔