عرب اینکر اور یہودی اداکار کی شادی پر اسرائیلی سیاستدان سیخ پا
اسرائیلی عرب اور مسلمان نیوز اینکر لوسی حریش اور یہودی اداکار تساہی حالیوی کی شادی پر اسرائیلی سیاستدانوں کی جانب سے شدید مخالفت سامنے آئی ہے جبکہ اسرائیلی وزیر داخلہ نے اس شادی کو یہودی نسل کی حفاظت کے لیے خطرہ تک قرار دے دیا۔
ہاریتز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی عرب نیوز اینکر لوسی حریش عبرانی زبان پر عبور رکھتی ہیں اور انہوں نے بدھ (10 اکتوبر) کو یہودی اداکار تساہی حالیوی سے شادی کی تھی۔
لوسی حریش اسرائیلی ٹیلی وژن پر عبرانی زبان میں بطور اینکر ملازمت کرنے والی پہلی عرب خاتون ہیں جبکہ تساہی حالیوی نے نیٹ فلیکس کے ڈرامے ’فاؤدا‘ میں ایک خفیہ ایجنٹ کے کردار سے شہرت حاصل کی تھی۔
ایک مسلم اینکر اور یہودی اداکار کی شادی کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد سے اسرائیلی سیاست میں ہلچل مچ گئی اور ان کی شادی پر متضاد رویوں کا رد عمل سامنے آیا۔
انہوں نے حدیرہ کے جنوب مغربی علاقے ایلکی رنچ میں نجی تقریب میں شادی کی کیونکہ اسرائیل میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد قانونی طور پر شادی نہیں کرسکتے۔
یروشلم پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق دونوں کے درمیان گزشتہ 4 سال سے تعلقات قائم تھے۔