پاکستان

پاک برطانیہ تعلقات اگلے مراحل پر لے جانے کیلئے تیار ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے برطانیہ کے دورے کے دوران سول اور ملٹری قیادت سے ملاقاتیں کیں، آئی ایس پی آر

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں ‘بتدریج استحکام قائم ہو رہا ہے اور مشترکہ مفاد کی بنیاد پر پاک برطانیہ کے تعلقات کو اگلے مراحل میں لے جانے کے لیے تیار ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے برطانیہ کے دورے کے دوران سول اور ملٹری قیادت سے ملاقاتیں کی۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف نے الیکشن میں فوجی دستوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی

آرمی چیف کی آمد پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق آرمی چیف اور برطانوی چیف آف ڈیفنس (سی ڈی ایس) جنرل سر نکلس کے درمیان ملاقات ہوئی۔

جس کے بعد دو طرفہ تعاون بڑھانے اور سلامتی امور سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے برطانوی سیکریٹری آف اسٹیٹ ڈیفنس، برطانوی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان اور افغانستان جبکہ برطانوی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر مارک سیڈول سے بھی ملاقاتیں کی۔

ان ملاقاتوں میں ‘مشترکہ مفادات سے معتلق امور اور خطے میں سیکیورٹی کے حالات’ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ 3 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

آئی ایس پی آر کے مطابق عالمی جیوپولیٹیکل اور جیواکنامکس کے تناظر میں مشترکہ مفادات سمیت برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں سے متعلق امور زیر بحث آئے۔

اس ضمن میں بتایا گیا کہ آرمی چیف سے ملاقات پر برطانوی قیادت نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو مثبت قرار دیا۔

ڈی جی آئی ایس پی نے کہا کہ برطانوی حکام نے ‘انسداد دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی غیر معمولی خدمات کو تسلیم کیا اور پاکستان میں بہتر سیکیورٹی حالات پر تعریف کی’۔