پاکستان

تھائی لینڈ میں پناہ کے خواہشمند 70 پاکستانیوں کو ملک بدر کرنے کا حکم

پاکستان کی عیسائی اور احمدی برادری سے تعلق رکھنے والے ان افراد نے تھائی لینڈ میں پناہ کی خواہش ظاہر کی تھی۔

تھائی لینڈ نے اپنے ملک میں پناہ کے خواہشمند 70 پاکستانیوں پر غیرقانونی طور پر رہائش اختیار کرنے کی فرد جرم عائد کرتے ہوئے ملک بدر کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

تلنگ چین کی صوبائی عدالت میں زیر سماعت مقدمے میں ان تمام افراد پر الزام تھا کہ انہوں نے ویزے کی مدت کی ختم ہونے کے بعد بھی تھائی لینڈ میں قیام کیا اور غیرقانونی طور پر ملک میں داخل ہوئے۔

مزید پڑھیں: پناہ گزین سے ماڈل بننے والی لڑکی

عدالت نے ان پاکستانیوں پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے 2 ماہ قید کی سزا دینے کا بھی حکم دیا۔

تھائی لینڈ میں پناہ کے خواہشمند ان 70 افراد کے ہمراہ 11 بچے بھی ہیں جنہیں حراستی مرکز میں رکھا جائے گا۔

ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ان تمام افراد کو ملک بدر نہ کیے جانے تک حراستی مرکز میں رکھا جائے گا۔

ان افراد میں سے ایک کا نام ایمینوئل شان ہے جنہوں نے بتایا کہ ان 70افراد میں سے اکثر کا تعلق پاکستان کی عیسائی اور احمدی برادری سے ہے اور پاکستان میں ان دونوں برادریوں کے افراد کی جانوں کو مبینہ طور پر شدید خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں ایک عیسائی ہوں، پاکستان میں ہم محفوظ نہیں اور میری اور میرے اہل خانہ کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ان میں سے 52افراد کو منگل کو گرفتار کیا گیا کیونکہ ہمیں پتہ چلا تھا کہ انہوں نے ایک گروپ قائم کیا ہوا ہے جو تھائی لینڈ میں پناہ کے خواہشمند افراد کی اسمگلنگ کرتے ہیں اور ان کا مقصد تھائی لینڈ سے دنیا کے دیگر ملکوں تک رسائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’تمام پناہ گزینوں کو ان کے ملک واپس بھیجا جائے‘

تھائی لینڈ غیرقانونی طور پر رہائش پذیر غیر ملکیوں کو ملک بدر کرتا رہتا ہے اور اپنے آبائی ملک سے بھاگ کر پناہ کے حصول کے لیے آنے والے اور اقوام متحدہ کی جانب سے پناہ گزیں قرار دیے جانے والوں کو بھی تھائی لینڈ میں رہنے کی اجازت نہیں۔

وزارت خارجہ کی ترجمان بوساڈی سینٹپی ٹاکس نے کہا کہ تھائی لینڈ اقوام متحدہ کے 1951 کے پناہ گزیں کنونشن کا حصہ نہیں لہٰذا حکام قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتی ہے اور پناہ گزینوں کے معاملے میں ہر کیس کا الگ سے جائزہ لیتے ہیں۔

پیر کو تھائی لینڈ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ملک میں غیرقانونی طور پر رہائش پذیر غیرملکیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرے گا۔

وزارت دفاع کے ترجمان لیفٹننٹ جنرل کونگ چیپ تنترا وانچ نے کہا کہ وزیر دفاع پراوت وونگ سووان نے تھائی لینڈ میں ویزا کے بغیر غیرقانونی طور پر رہائش پذیر افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے ایک ماہ کی مہم شروع کردی۔