بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی میں پی ایچ ڈی اسکالر سمیت 2 جاں بحق
سری نگر: انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں بھارتی فورسز نے ریاستی دہشت گردی کے دوران فائرنگ کرکے کشمیری نوجوان اور پی ایچ ڈی اسکالر ڈاکٹر منان وانی اور عاشق حسین زرگر کو قتل کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج، پیرا ملٹری فورسز اور خصوصی آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے ہندواڑہ کے علاقے میں مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران ڈاکٹر منان وانی اور عاشق حسین کو نشانہ بنایا۔
پی ایچ ڈی اسکالر اور کشمیری نوجوان کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آتے ہی ہندواڑہ اور دیگر اضلاع میں بھارت مخالف مظاہرے کیے گئے، بھارتی فورسز نے مظاہرین پر فائرنگ اور شیلنگ کی، جس کے نتیجے میں متعدد کشمیری نوجوان زخمی ہوگئے۔
مزید پڑھیں: بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 8 کشمیری نوجوان شہید
مزید مظاہروں کے پیش نظر بھارتی فورسز نے وادئ کے مختلف اضلاع کپواڑہ، باندی پورہ، پٹن، مارہ مولہ، پلوامہ اور دیگر میں انٹرنیٹ سروس اور تعلیمی ادارے بند کروادیئے۔
دوسری جانب ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ پی ایچ ڈی اسکالر ڈاکٹر منان وانی کا تعلق کشمیر کی مسلح تنظیم حزب المجاہدین سے تھا جبکہ عاشق حسین ان کا ساتھی تھا۔