اداکارہ کا دوسری اداکارہ پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام
بھارت میں گزشتہ 2 ہفتوں سے اداکارائیں اور دیگر خواتین اپنے ساتھ ہونے والے نامناسب واقعات اور جنسی طور پر ہراساں کیے جانے سے متعلق کھل کر بات کر رہی ہیں۔
اگرچہ بھارت میں بھی کئی ماہ سے خواتین ایسے واقعات شیئر کر رہی تھیں، تاہم گزشتہ ماہ 26 ستمبر کو اداکارہ تنوشری دتہ کی جانب سے اداکار نانا پاٹیکر پر جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات کے بعد خواتین کی جانب سے ایسے واقعات سامنے لانے میں تیزی آگئی۔
اب جہاں کنگنا رناوٹ اور پوجا بھٹ جیسی اداکاراؤں نے اپنے ساتھ ہونے والے نامناسب واقعات کو بیان کیا ہے۔
وہیں کچھ صحافی خواتین نے بھی اپنے تجربات شیئر کیے اور بھارتی اسٹیٹ وزیر خارجہ پر بھی جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا الزام لگا۔
تاہم اب پہلی بار بھارت میں ایک خاتون نے دوسری خاتون پر جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کردیا۔
جنوبی افریقی نژاد کامیڈین، میزبان اور اداکارہ 34 سالہ کنیز سرکا نے ساتھی اداکارہ، کامیڈین اور لکھاری 30 سالہ ادیتی متل پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا ہے۔
کنیز سرکا نے اپنی ٹوئیٹ کے ذریعے لمبی چوڑی پوسٹ میں بتایا کہ ان کے ساتھ نامناسب واقعہ 2 سال قبل اس وقت پیش آیا، جب وہ ممبئی کے معروف علاقے آندھرے بیس میں ایک پروگرام کی میزبانی کر رہی تھیں۔
میزبان و کامیڈین نے اپنی پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ وہ اس وقت حیران رہ گئیں، جب انہیں اسٹیج پر کم سے کم 100 افراد اور متعدد کامیڈینز کے سامنے اداکارہ ادیتی متل نے نامناسب انداز میں چھوکر بوسہ دیا۔
کنیز سرکا نے الزام عائد کیا کہ ادیتی متل نے ان کی رضامندی کے بغیر انہیں بوسہ دیا، جس پر وہ حیران رہ گئیں اور وہ اس صدمے سے کافی عرصے تک دوچار رہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ساتھی کامیڈین کے اس رویے پر کافی پریشان رہیں اور انہیں یہ سب ناگوار گزرا۔
جنوبی افریقی نژاد بھارتی اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہر شخص کی اپنی پسند ہوتی ہے، تاہم اس واقعے میں ان کی رضامندی کے بغیر ان کے ساتھ ایسا کیا گیا، جس سے وہ ذہنی اذیت میں مبتلا رہیں۔