لائف اسٹائل

ریپ الزام کے بعد عامر خان کا ہدایتکار کے ساتھ کام کرنے سےانکار

عامر خان اور کرن راؤ نے بیان جاری کیا کہ وہ فلم ’Mogul‘ کی پروڈکشن نہیں کریں گے جس کی ہدایات سبھاش کپور دینے جارہے تھے۔

بولی وڈ اداکار عامر خان اور اہلیہ کرن راؤ نے ہدایت کار سبھاش کپور پر ریپ کے لگے متعدد الزامات کے بعد اعلان کیا ہے کہ وہ ان کی آنے والی فلم ’Mogul‘ کی پروڈکشن نہیں کریں گے۔

ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک بیان میں عامر خان اور کرن راؤ کا کہنا تھا کہ سبھاش کپور پر اداکارہ گیتیکا تیاگی کے ساتھ 2012 میں زیادتی کرنے کے متعدد الزامات لگائے گئے ہیں، جبکہ اداکارہ نے 2014 میں ان پر کیس بھی درج کیا اور بعدازاں ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں انہوں نے سبھاش کپور کو ان کی اہلیہ کے سامنے تھپڑ مارا۔

بیان میں مزید کہا کہ ’تحقیقات کے بعد ہمیں پتا چلا کے ہدایت کار کے خلاف قانونی نوٹس بھی بھیجا گیا تاہم یہ معاملہ ابھی زیر سماعت ہے، لیکن ہم کوئی تحقیقاتی ایجنسی نہیں نہ ہی کوئی بیان بازی کریں گے، اس لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ عامر خان پروڈکشن کمپنی پیچھے ہٹتے ہوئے اس فلم کی پروڈکشن نہیں کرے گی‘۔

مزید پڑھیں: نامناسب رویوں کے خلاف پاکستانی خواتین بھی آواز اٹھانے کو تیار

سبھاش کپور نے عامر خان کے اس بیان پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں عامر خان اور کرن راؤ کو سمجھتا ہوں اور ان کی عزت کرتا ہوں، کیوں کہ یہ معاملہ ابھی زیر سماعت ہے، اس لیے میں اپنی بےگناہی عدالت میں ہی ثابت کروں گا‘۔

پروڈکشن کمپنی ٹی سیریز جو عامر خان پروڈکشن کمپنی کے ساتھ مل کر اس فلم کی پروڈکشن کرنے جارہی تھی نے بھی اعلان کیا کہ ٹی سیریز میں موجود ہر شخص نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ہدایت کار سبھاش کپور کے ساتھ کام نہیں کریں گے۔