دبئی ٹیسٹ: بلال کی تباہ کن باؤلنگ، آسٹریلین ٹیم 202 رنز پر آؤٹ
بلال آصف کی تباہ کن باؤلنگ کے سبب آسٹریلین ٹیم 142رنز کی شاندار اوپننگ شراکت کے باوجود پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 202رنز پر ڈھیر ہو گئی اور پاکستان نے میچ میں مجموعی طور پر 325 رنز کی برتری حاصل کر کے اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔
دبئی میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز جب کھیل کا آغاز ہوا تو آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے 30 رنز بنائے تھے۔
آسٹریلیا کے دونوں اوپنرز عثمان خواجہ اور ایرون فنچ نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور پہلے سیشن میں پاکستان کو وکٹ سے محروم رکھا۔
مزید پڑھیں: میتھیو ہیڈن بدترین حادثے میں بال بال بچ گئے
عثمان خواجہ اور فنچ نے پہلی وکٹ میں 142 رنز کا بہترین آغاز کیا لیکن اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب فنچ 62 رنز بنانے کے بعد محمد عباس کی وکٹ بن گئے۔
اس وکٹ کے گرتے ہی وکٹیں گرنے کا ایک نہختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو گیا اور کوئی بھی آسٹریلین بلے باز خصوصاً بلال آصف کی گیندوں کا سامنا نہ کر سکا۔
انہوں نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے شان مارش کے بعد 85رنز بنانے والے عثمان خواجہ کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔
اس کے بعد کوئی بھی آسٹریلین بلے باز عباس اور بلال کی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکا اور پوری ٹیم صرف 202رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں: انہوں نے میرے مذہب کے بارے میں بات کی، تب ہی انہیں مارا، مسلمان فائٹر
مہمان ٹیم کی بیٹگ لائن کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اوپننگ شراکت کے بعد تمام 10وکٹیں صرف 60رنز کے اضافے سے گریں اور7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔