بلغاریہ: خاتون صحافی کا ریپ کے بعد قتل
ابتدائی تفتیش میں وکٹوریہ مارینوا کے ہلاک ہونے کی وجہ سر پر چوٹ اور سانس لینے میں تکلیف بتائی گئی، رپورٹ
بلغاریہ کے شمالی شہر روسے میں تحقیقاتی صحافت سے وابستہ خاتون صحافی کو ریپ کے بعد قتل کردیا گیا۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق بلغاریہ کے حکام 30 سالہ وکٹوریہ مارینوا کے قتل کی تحقیقات کررہے ہیں، ان کی لاش 2 روز قبل پیدل چلنے والوں کے لیے بنائے گئے پل کے قریب سے ملی تھی۔
واضح رہے کہ یورپ میں رواں سال صحافیوں کے قتل کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر تفتیش میں خاتون صحافی کے ہلاک ہونے کی وجہ سر پر چوٹ اور سانس لینے میں تکلیف کے باعث بتائی گئی۔
مزید پڑھیں: ‘لاپتہ صحافی کو سعودی قونصل خانے میں قتل کردیا گیا’
سرکاری میڈیا کے مطابق بلغاریہ کے وزیر داخلہ ملادن ملادینوو نے خاتون صحافی کے قتل کو 'غیر معمولی ظالمانہ' قرار دیتے ہوئے بتایا کہ مارینوا کو قتل کرنے سے قبل ریپ کا نشانہ بنایا گیا۔