بلغاریہ: خاتوں صحافی کا ریپ کے بعد قتل
بلغاریہ کے شمالی شہر روسے میں تحقیقاتی صحافت سے وابستہ خاتون صحافی کو ریپ کے بعد قتل کردیا گیا۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق بلغاریہ کے حکام 30 سالہ وکٹوریہ مارینوا کے قتل کی تحقیقات کررہے ہیں، ان کی لاش 2 روز قبل پیدل چلنے والوں کے لیے بنائے گئے پل کے قریب سے ملی تھی۔
واضح رہے کہ یورپ میں رواں سال صحافیوں کے قتل کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر تفتیش میں خاتون صحافی کے ہلاک ہونے کی وجہ سر پر چوٹ اور سانس لینے میں تکلیف کے باعث بتائی گئی۔
سرکاری میڈیا کے مطابق بلغاریہ کے وزیر داخلہ ملادن ملادینوو نے خاتون صحافی کے قتل کو 'غیر معمولی ظالمانہ' قرار دیتے ہوئے بتایا کہ مارینوا کو قتل کرنے سے قبل ریپ کا نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں قتل کی تحقیقات کرنے والے اعلیٰ تفتیشی افسران کو مذکورہ کیس کی تحقیقات کے لیے روسے بھیجا گیا ہے۔