بولی وڈ ہدایت کار اور فلم ساز وکاس بہل پر گزشتہ روز اداکارہ کنگنا رناوٹ نے الزام عائد کیا تھا کہ ہدایت کار نے انہیں 2014 میں فلم ‘کوئین’ کی شوٹنگ کے دوران جنسی طور پر ہراساں کیا۔
اداکارہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈائریکٹر 2014 میں فلم ‘کوئین’ کی شوٹنگ کے دوران انہیں دیر تک گلے لگانے کے بعد انہیں جنسی طور پر چھوتے اور بالوں کو سونگھتے رہتے’۔
کنگنا رناوٹ کے علاوہ وکاس بہل پر ان کی سابق فلم پروڈکشن کمپنی ‘فینٹم’ کی خواتین ملازموں نے بھی جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
خواتین ملازموں نے وکاس بہل پر الزام لگایا تھا کہ ‘فینٹم’ پروڈکشن کے تحت 2005 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘بمبے ویلوٹ’ کی شوٹنگ اور تشہیر کے دوران ہدایت کار نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا۔
اداکارہ اور خواتین کی جانب سے وکاس بہل پر ایک ایسے وقت میں الزامات لگائے گئے، جب ان کی فلم پروڈکشن کمپنی ‘فینٹم’ کو ان کے شراکت داروں نے تحلیل کیا تھا۔
وکاس بہل بھی ‘فینٹم’ کے ان 4 پارٹنرز میں سے ایک تھے، اس کمپنی کے دیگر شراکت داروں میں فلم سازانوراگ کشیپ، وکرم دتیا موٹوانی اور مدھو منٹینا شامل تھے،اس کمپنی کو 6 اکتوبر کو تحلیل کیا گیا تھا۔
کمپنی کو تحلیل کیے جانے اور اداکاراؤں کے الزامات سامنے آنے کے بعد وکاس بہل کے سابق ساتھیوں اور کاروباری پارٹنرز نے ہدایت کار کو جنسی ملزم قرار دیا ہے۔
انوراگ کشیپ اور وکرم دتیا موٹوانی نے وکاس بہل کی جانب سے خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ایسے شخص کے ساتھ کام کرنے پر افسوس ہے، جو خواتین کا شکار کرنے پر یقین رکھتے تھے۔
انوراگ کشیپ نے اپنی ٹوئیٹ میں لمبے چوڑے وضاحتی بیان میں بتایا کہ انہیں وکاس بہل کی حرکتوں سے متعلق پہلے ہی بتایا گیا تھا اور وہ اس پر شرمندہ ہیں کہ انہوں نے خواتین کو ہراساں کرنے والے شخص کے ساتھ کام کیا۔
انوراگ کشیپ کے مطابق انہوں نے ‘فینٹم’ کمپنی کے شریک بانی کی حیثیت میں کچھ کرنا چاہا، مگر انہیں اپنے قانونی اختیارات سے متعلق بتایا گیا کہ ان کے پاس محدود آپشن ہیں۔
انوراگ کشیپ نے وکاس بہل کا نشانہ بننے والی تمام خواتین و اداکاراؤں سے معزرت کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ انہیں خواتین کو استعمال کرنے والے شخص کے ساتھ کام کرنے پر شرمندگی ہے۔
دوسری جانب وکرم دتیا موٹوانی نے بھی اپنی ٹوئیٹ میں طوی وضاحتی بیان میں وکاس بہل کو جنسی ملزم قرار دیا اور کہا وہ نوجوان خواتین کا شکار کرنے کے ماہر تھے۔
وکرم دتیا موٹوانی نے بھی اپنے سابق پارٹنر کے غلط کاموں پر متاثرہ خواتین سے معافی مانگتے ہوئے اعتراف کیا کہ انہیں وکاس بہل کے ساتھ کام کرنے پر افسوس ہے۔