دبئی ٹیسٹ میں حارث کی سنچری، پاکستان کی اننگز 482 رنز پر تمام
دبئی: پاکستان کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 482 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، دوسرے روز کھیل کے اختتام تک آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے 30رنز بنا لیے۔
دبئی میں کھیلے جا رہے میچ کے دوسرے دن پاکستان نے 255 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو محمد عباس گزشتہ روز کے اسکور میں کسی اضافے کے بغیر ہی صرف ایک رن پر پیٹر سڈل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
مزید پڑھیں: دبئی ٹیسٹ کا پہلا دن پاکستانی اوپنرز کے نام
اس کے بعد حارث سہیل اور اسد شفیق نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 150 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا اسکور 400 رنز تک پہنچا دیا، لیکن 410 کے مجموعے پر اسد شفیق 80 رنز بنانے کے بعد مارنس لبوشین کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
اسد شفیق کے بعد حارث سہیل کا ساتھ دینے نوجوان بیٹسمین بابر اعظم آئے لیکن 4 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوئے تاہم اس دوران دوسرے اینڈ پر موجود حارث سہیل نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری اسکور کی۔
حارث سہیل 110 رنز بنانے کے بعد 456 رنز کے مجموعے پر نیتھن لایون کا شکار بنے، تاہم اس کے بعد کوئی بھی بیٹسمن وکٹ پر رک کر نہیں کھیل سکا۔
یہ بھی پڑھیں: یاسر شاہ آسٹریلین بیٹنگ لائن کو نشانہ بنائیں گے، سرفراز
کپتان سرفراز احمد 15رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ پہلا میچ کھیلنے والے بلال آصف کی اننگز بھی 12رنز پر تمام ہوئی۔