بغاوت کیس: صحافی سرل المیڈا کے وارنٹ منسوخ،نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم
لاہور ہائی کورٹ نے بغاوت کیس میں ڈان کے اسسٹنٹ ایڈیٹر سرل المیڈا کے ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخ اور ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا حکم دے دیا۔
سابق وزرائے اعظم نواز شریف، شاہد خاقان عباسی اور صحافی سرل المیڈا لاہور ہائی کورٹ میں بغاوت کے الزام میں دائر کی گئی درخواست کی سماعت پر پیش ہوئے۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں جسٹس عاطر محمود اور جسٹس چوہدری مسعود جہانگیر پر مشتمل 3 رکنی فل بینچ نے سماعت کی۔
سماعت کے دوران عدالت نے سرل المیڈا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے اور ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ سرل المیڈا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری صرف حاضری کو یقینی بنانے کے لیے جاری کیے تھے۔
عدالت نے کہا کہ یہ ایک حساس معاملہ ہے جبکہ نواز شریف، شاہد خاقان عباسی کی حاضری کو نوٹ کیا جائے۔
درخواست گزار نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ درخواست سابق وزیر اعظم نواز شریف کے متنازع بیان کو بنیاد بنا کر دائر کی گئی ہے، اس لیے ان کے خلاف بغاوت کے الزام کے تحت کارروائی کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے قومی سلامتی کمیٹی کی کارروائی سابق وزیر اعظم کو بتا کر حلف کی پاسداری نہیں کی، اس لیے ان کے خلاف بھی بغاوت کی کارروائی کی جائے۔