کھیل

دبئی ٹیسٹ کا پہلا روز ختم، حفیظ کی سنچری، 255 رنز پر 3 آؤٹ

امام الحق نے 76 رنز بنائے، اظہر علی 80 گیندوں پر 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، قومی ٹیم میں بلال آصف پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔

دبئی: آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پہلے دن کا کھیل ختم ہوگیا، پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنالیے۔

2 سال بعد ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بننے والے محمد حفیظ کی شاندار سنچری اور امام الحق کے ساتھ 205 رنز کی اوپننگ شراکت نے پاکستانی اننگز کو ایک مستند بنیاد فراہم کی۔

دونوں اوپنرز نے نہایت محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا،محمد حفیظ نے وکٹ کے چاروں طرف شاندار اسٹروکس کھیلے جبکہ امام الحق کی بلے بازی بھی قابل تعریف رہی، انہوں نے اپنے پارٹنر حفیظ کی نسبت زیادہ نپے تلے انداز سے بیٹنگ کی۔

محمد حفیظ نے 170 گیندوں پر اپنے کیرئیر کی دسویں سنچری مکمل کی۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 205 رنز پر گری جب اوپنر امام الحق 76 رنز بناکر آسٹریلوی باؤلر لیون کا نشانہ بنے، جس کے بعد ٹیم کے مجموعے میں محض 16 رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ 222 کے مجموعی اسکور پر اوپنر محمد حفیظ 126 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر پیٹر سڈل کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

تیسرے نمبر پر آنے والے بلے باز اظہر علی وکٹ پر آتے ہی پریشان نظر آئے، انہوں نے نہایت سست رفتاری سے بیٹنگ کی اور 80 گیندوں پر محض 18 رنز بناکر جون ہولینڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو قومی ٹیم کے 255 رنز تھے، حارث سہیل 15 رنز جبکہ نائٹ واچ مین کی حیثیت سے وکٹ پر آنے والے محمد عباس ایک رنز پر وکٹ پر موجود تھے۔

آسٹریلیا کی طرف سے پیٹر سڈل،نیتھن لیون اور جون ہولینڈ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔

پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے ساز گار ہے، اس لیے یہاں ابتدا میں سنبھل کر کھیلنا ہوگا۔

قومی ٹیم میں بلال آصف اپنا پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سرفرازاحمد (کپتان)، امام الحق، محمدحفیظ، اظہرعلی، حارث سہیل، اسدشفیق، بابراعظم، یاسرشاہ، محمدعباس اور وہاب ریاض شامل ہیں۔

آسٹریلین ٹیم میں 3 کھلاڑی ڈیبیو کر رہے ہیں جن میں مختصر دورانیے کی کرکٹ کے تجربہ کار بیٹسمین ایرون فنچ، ٹریوس ہیڈ اور مارنس لیوسکاگنی شامل ہیں۔

آسٹریلین ٹیم کی کپتانی ٹم پین کر رہے ہیں جبکہ میدان میں شان مارش ان کے نائب ہیں۔

دیگر کھلاڑیوں میں ایرون فنچ، عثمان خواجہ، مچل مارچ، ٹریوس ہیڈ، مارنس لیوسکاگنی، مچل اسٹارک، نیتھن لیون، پیٹر سڈل اور جان ہولینڈ شامل ہیں۔

ادھر پاکستان نے بھی آسٹریلیا کو دبئی میں زیر کرنے کے لیے اپنی حکمتِ عملی تیار کرلی ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں یاسر شاہ نسبتاً نئی اور کمزور آسٹریلین بیٹنگ لائن کو نشانہ بنائیں گے۔

واضح رہے کہ نوجوان اسپنر شاداب خان پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں اور اسپن کے شعبے میں تمام امیدیں یاسر شاہ سے وابستہ کی جارہی ہیں۔