لائف اسٹائل

راج ٹھاکرے پر الزامات: تنوشری دتہ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ

بھارتی اداکارہ نے راج ٹھاکرے پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ بال ٹھاکرے کی جگہ شیو سینا کے سربراہ بننا چاہتے تھے۔

بھارت کی دائیں بازو کی سیاسی جماعت مہاراشٹر نونرمن سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے پر الزامات عائد کرنے پر بھارتی پولیس نے اداکارہ تنوشری دتہ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

بدھ کی شام مہاراشٹر نونومن سینا(ایم این ایس) کے ڈسٹرکٹ یونٹ کے صدر سمنت دھاس نے مہاراشٹر پولیس میں اپنی رپورٹ لکھواتے ہوئے کہا کہ تنوشری نے ان کی پارٹی کے سربراہ کو بدنام کرنے کی کوشش کی اور ان کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔

مزید پڑھیں: تنوشری دتہ کو نانا پاٹیکر اور فلم ہدایت کار کے نوٹسز مل گئے

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مہاراشٹر پولیس کے افسر کا کہنا ہے کہ تنوشری دتا کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 500 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ہم مقدمہ درج کر رہے ہیں۔

مایہ ناز اداکار نانا پاٹیکر پر الزامات لگا کر خبروں کی زینت بننے والی اداکارہ نے حال ہی میں راج ٹھاکرے پر الزام عائد کیا کہ وہ بال ٹھاکرے کی جگہ شیو سینا کے سربراہ بننا چاہتے تھے لیکن ایسا نہیں کر سکے۔

تنوشری نے مزید الزام عائد کیا کہ جب انہوں نے 208 میں فلم 'ہورن اوکے پلیز' نہ کرنے کا فیصلہ کیا تو ایم این ایس کے کارکنوں نے ان کی گاڑی کے ساتھ توڑ پھوڑ کی اور ان دنوں انہیں دھمکیاں بھی دے رہے ہیں۔

تنوشری دتہ نے نانا پاٹیکر پر 26 ستمبر کو الزام عائد کیا تھا کہ اداکار نے انہیں 2008 میں فلم ‘ہارن اوکے پلیز’ کی شوٹنگ کے دوران ہراساں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نانا پاٹیکر نے جنسی طور پر ہراساں کیا، تنوشری دتہ

اداکارہ نے دعویٰ کیا تھا کہ نانا پاٹیکر ان کے ساتھ نازیبا منظر شوٹ کروانا چاہتے تھے، مگر اداکارہ نے انکار کردیا۔

نانا پاٹیکر نے ان الزامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مسترد کردیا تھا اور تنوشری کو قانونی نوٹس بھجوا دیا تھا۔

الزامات کا سلسلہ یہیں نہیں رکا بلکہ تنوشری دتہ نے گزشتہ ماہ 28 ستمبر کو ہدایت کار وویک اگنی ہوتری پر بھی 2005 میں جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کیا تھا۔

تنوشری دتہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ہدایت کار نے فلم ‘چاکلیٹ’ کی شوٹنگ کے دوران ان سے بارش میں کپڑے اتار کر رقص کرنے کا مطالبہ کیا، تاہم اداکارہ نے انکار کیا۔

مزید پڑھیں: ‘تنوشری دتہ شوٹنگ کے دوران نشے میں تھیں’

ان الزامات کے بعد ہدایت کار وویک اگنی ہوتری نے بھی اداکارہ کو قانونی نوٹس بھیج دیا تھا۔

اس سے قبل تنوشری دتہ نے بھی اعلان کیا تھا کہ انہوں نے بھی نانا پاٹیکر اور وویک اگنی ہوتری کے خلاف قانونی جنگ لڑنے کی تیاری کرتے ہوئے وکلاء کی خدمات حاصل کرلی ہیں، تاہم تاحال اداکارہ نے کسی کو نوٹس نہیں بھیجا۔