لائف اسٹائل

ہدایت کار نے تنوشری دتہ کے ‘عریاں رقص’ کے الزامات مسترد کردیے

اداکارہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ہدایت کار وویک اگنی ہوتری نے ان سے بارش کے دوران کپڑے اتارنے کا کہا تھا۔

بولی وڈ کی سابق اداکارہ اور مس انڈیا کا اعزاز حاصل کرنے والی 34 سالہ تنوشری دتہ نے گزشتہ ماہ 26 ستمبر کو بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار نانا پاٹیکر پر 2008 میں فلم کی شوٹنگ کے دوران ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کیا تھا۔

تنوشری دتہ کا کہنا تھا کہ نانا پاٹیکر ان کے ساتھ فلم ‘ہارن اوکے پلیز’ کے ایک گانے میں نازیبا سین شوٹ کروانا چاہتے تھے اور انہوں نے ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا۔

نانا پاٹیکر نے تنوشری دتہ کے الزامات مسترد کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے اور انہیں نوٹس بھجوانے کا دعویٰ کیا تھا۔

تنوشری دتہ نے نانا پاٹیکر پر الزام عائد کیے جانے کے 2 دن بعد 28 ستمبر کو فلم ہدایت کار وویک اگنی ہوتری کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کیا تھا۔

تنوشری دتہ نے ایک انٹرویو کے دوران دعویٰ کیا کہ فلم ہدایت کار نے انہیں فلم ‘چاکلیٹ: ڈیپ سیکریٹس’ کی شوٹنگ کے دوران ہراساں کیا اور ان سے نامناسب سین شوٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔

تنوشری دتہ کا کہنا تھا کہ فلم ہدایت کار نے ان سے بارش میں عریاں رقص کرنے کا کہا، تاکہ فلم کے ہیرو عرفان خان پس منظر میں انہیں اچھی طرح دیکھ اور سوچ سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: تنوشری دتہ کا نانا پاٹیکر کے بعد ہدایت کار پر بھی ہراساں کرنے کا الزام

اداکارہ کے مطابق انہوں نے ڈائریکٹر کا مطالبہ ماننے سے انکار کیا، ساتھ ہی جب اس بات کا پتہ عرفان خان کو چلا تو انہوں نےبھی ان کا ساتھ دیا اور ہدایت کار کو کہا کہ ایسے سین شوٹ کروانے کی ضرورت نہیں۔

تاہم اب فلم ہدایت کار وویک اگنی ہوتری نے تنوشری دتہ کے الزامات پر خاموشی توڑتے ہوئے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کردیا۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق وویک اگنی ہوتری کے وکیل ندھیش ملہوترا نے اداکار کے حوالے سے جاری بیان میں تنوشری دتہ کے الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے اسے سوشل میڈیا اور میڈیا پر شہرت حاصل کرنے کا طریقہ قرار دیا۔

فلم ہدایت کار کے وکیل نے بتایا کہ ان کے مؤکل نے تنوشری دتہ سے ایسا کوئی سین شوٹ کروانے کا مطالبہ نہیں کیا، وہ سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے جھوٹے الزامات لگا رہی ہیں۔

ساتھ ہی وویک اگنی ہوتری کے وکیل نے بتایا کہ وہ اداکارہ کی جانب سے جھوٹے الزامات پر کارروائی کرنے جا رہے ہیں، انہوں نے تنوشری دتہ کو قانونی نوٹس بھجوادیا۔

مزید پڑھیں: ‘تنوشری دتہ شوٹنگ کے دوران نشے میں تھیں’

ساتھ ہی فلم ہدایت کار کے وکیل نے بھارتی میڈیا کو گزارش کی کہ وہ اداکارہ کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات پر یک طرفہ رپورٹنگ نہ کریں، بلکہ وہ تصدیق کرنے کے بعد ہی خبریں چلائیں۔

خیال رہے کہ نانا پاٹیکر نے بھی تنوشری دتہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں قانونی نوٹس بھجوانے کا دعویٰ کیا ہے۔

تاہم تنوشری دتہ نے 2 اکتوبر کو کہا تھا کہ انہیں تاحال نانا پاٹیکر کا کوئی بھی نوٹس نہیں ملا۔

علاوہ ازیں تنوشری دتہ کا کہنا تھا کہ وہ نوٹسز سے ڈرنے والی نہیں، وہ بھی نانا پاٹیکر اور فلم ہدایت کار کے خلاف قانونی جنگ لڑنے کو تیار ہیں اور انہوں نے وکلاء کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔