دنیا

امریکی پابندیوں کو شکست دے کر اسے طمانچہ ماریں گے، ایرانی سپریم لیڈر

آیت اللہ خامنہ ای کا بیان عالمی عدالت انصاف کی جانب سےامریکا کو ایران پرعائد بعض پابندیاں ختم کرنےکےحکم کےبعد سامنے آیا۔

تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ان کا ملک امریکا کی جانب سے عائد کی گئی نئی پابندیوں کو شکست دے کر اس کے منہ پر 'تھپڑ' رسید کرے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے پی' کے مطابق ایران کی پاسداران انقلاب کی رضاکار فورس 'باسج' کے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ 'میں نے سنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یورپی رہنماؤں سے کہہ رہے ہیں کہ امریکی پابندیوں کے بعد ایران چند ماہ میں تباہ ہوجائے گا۔'

واضح رہے کہ رواں برس مئی میں ایران کے ساتھ عالمی جوہری معاہدہ منسوخ کرنے کے بعد ایران پر سنگین معاشی پابندیاں عائد کردی تھیں۔

ایران نے امریکی معاشی پابندیوں کو عالمی عدالت انصاف میں چیلنج کیا تھا۔

ایران نے عالمی عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے تہران پر اقتصادی پابندیاں لگا کر 1955 کے معاہدے کے خلاف ورزی کی ہے۔

عالمی عدالت انصاف نے گزشتہ روز اپنے فیصلے میں امریکا کو ایران پر عائد بعض پابندیاں ختم کرنے کا حکم دیا۔

مزید پڑھیں: اقوام متحدہ کی عدالت کا امریکا کو ایران سے پابندیاں ہٹانے کا حکم

کیس کے ابتدائی فیصلے میں کہا گیا کہ امریکا ایران کو ادویات، طبی آلات، خوراک اور زرعی مصنوعات اور جہاز کے پُرزوں کی فراہمی پر عائد پابندی کو ختم کرے۔

عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے بعد ٹرمپ انتظامیہ نے تہران کے ساتھ 1955 کا معاہدہ منسوخ کر دیا۔

عالمی رپورٹس کے مطابق امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے صحافیوں کو بتایا کہ ’میں اعلان کررہا ہوں کہ امریکا 1955 کے اس معاہدے کو ختم کرتا ہے جس کے تحت دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور سفارتی تعلقات قائم ہوئے تھے۔'

انہوں نے کہا کہ ’یہ حتمی فیصلہ ہے جو تقریباً 4 دہائیوں سے تاخیر کا شکار تھا۔'