کھیل

ڈی ویلیئرز کے بعد اسمتھ اور راشد بھی پی ایس ایل کا حصہ بن گئے

پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے ڈارفٹ کے لیے اے بی ڈویلیئرز، اسٹیو اسمتھ، راشد خان ٹیموں کی نگاہوں کا مرکز ہوں گے۔
|

لاہور: سابق اسٹار جنوبی افریقی بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کے بعد آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ اور افغانستان کے راشد خان بھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کا حصہ بن گئے۔

پی ایس ایل فور کے ڈرافٹ کے لیے جنوبی افریقہ کے عظیم بیٹسمین اے بی ڈویلیئرز، آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو اسمتھ اور افغانستان کے ابھرتے ہوئے اسٹار اسپنر راشد خان فرنچائزز کی نگاہوں کا مرکز ہوں گے۔

ان دونوں کھلاڑیوں کے علاوہ بھی کئی نامور کھلاڑی پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں۔

ونڈیز کے ڈوین براوو، کیئرون پولارڈ اور سنیل نارائین شامل ہیں، تاہم گزشتہ ایونٹ میں براوو کو پشاور زلمی نے ٹیم میں شامل کیا تھا لیکن وہ اپنی انجری کی وجہ سے ایونٹ کا حصہ نہیں بن پائے تھے۔

ملتان سلطان کے کھلاڑی کیئرون پولارڈ کا کہنا ہے کہ وہ ایک مرتبہ پھر پاکستانی لیگ کا حصہ بننے کے لیے تیار ہیں۔

پولارڈ کا کہنا تھا کہ ’پی ایس ایل ایک انتہائی مسابقتی ٹورنامنٹ ہے، اور جب بھی دستیابی اجازت دیتی ہے تو میں پی ایس ایل کھیلنے پر غور کرتا ہوں‘۔

مزید پڑھیں: جنوبی افریقی کھلاڑی اے بی ڈی ویلیئرز پی ایس ایل کا حصہ بن گئے

ان ہی کی بین الاقوامی ٹیم کے کھلاڑی اور اسٹار اسپنر سنیل نارائین نے بھی کئی نامور کھلاڑیوں کے لیگ کا حصہ بننے پر اپنے جذبات کا اظہار کیا اور کہا کہ ’میں نے پی ایس ایل کے گزشتہ تمام ایونٹس سے بھرپور لطف اندوز ہوا‘۔

لاہور قلندرز کے لیے ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے سنیل نارائین نے کہا کہ ’آئندہ سال پی ایس ایل گزشتہ ایونٹس سے زیادہ بڑا ہوگا کیونکہ اس مرتبہ اس میں نئے اسٹارز شامل ہورے ہیں‘۔

گزشتہ برس اپنی انجری کی وجہ سے ایونٹ میں حصہ نہ لینے والے لاہور قلندرز کے کرس لین نے بھی پی ایس ایل میں شرکت کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔

پی ایس ایل 2018 میں اسلام آباد یونائیڈ کو فتح سے ہمکنار کروانے والے نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر بیٹسمین لیوک رونکی کو اس مرتبہ ڈائمنڈ کیٹیگری سے پلاٹینیم گیٹیگری میں شامل کر لیا گیا ہے۔

لیوک رونکی نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 میچز میں 435 رنز اسکور کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل: پاکستان آنے والے غیرملکی کھلاڑیوں کے حتمی نام سامنے آگئے

لیوک رونکی نے کہا کہ ’میں نے گزشتہ برس پی ایس ایل میں بہترین رنز اسکور کیے تھے اور آئندہ برس ایونٹ کا حصہ بننے کے لیے مزید انتظار نہیں کر سکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ برس کراچی والوں کی مہمان نوازی سے ہم بہت لطف اندوز ہوئے اور وہاں فائنل جیتنے کی بھی یادیں وابستہ ہیں۔

واضح رہے کہ لیوک رونکی کے ساتھ ساتھ سابق کیوی کپتان برینڈن میک کولم اور ہم وطن مچل میک کلنگھن بھی پی ایس ایل کا حصہ ہوں گے۔

افغانستان کے راشد خان بھی پی ایس ایل کا حصہ بننے کے لیے تیار ہیں، گزشتہ برس انہیں قومی ٹیم کے میچز کی وجہ سے واپس بلا لیا گیا تھا۔

گزشتہ برس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے سری لنکن آل راؤنڈر تھیسارا پریرا کو پلاٹینیم کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

مزید ہڑھیں: پی ایس ایل: شاہد آفریدی کے کیریئر کا بہترین کیچ؟

حال ہی میں انگلینڈ میں شاندار ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ سے واپس آنے والے جنوبی افریقہ کے کولن انگرام کو پی ایس ایل میں اس مرتبہ پلاٹینئم کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

کولن انگرام کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز کی جانب سے کھیلتے ہوئے مجھے پاکستانیوں سے روابط بڑھانے کا موقع ملا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں کرکٹ کا معیار بہت اعلیٰ ہے، تاہم اس دوران یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ میں نے پاکستان میں کرکٹ کھیلی اور اس میچ کا حصہ بنا جو پاکستانیوں کے لیے اہم تھا۔

آئندہ چند ہفتوں کے دوران پی ایس ایل میں ٹیموں کے پاس کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے، انہیں دوسری ٹیموں کے ساتھ ٹریڈ کرنے اور انہیں واپس ڈرافٹ میں ڈالنے کا اختیار ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ احسان مانی کا کہنا ہے کہ اعلیٰ غیر ملکی کھلاڑیوں کا بہترین مرکب ہے، اور آئندہ چند روز کے اندر پی ایس ایل کی جانب سے نئے بین الاقوامی کھلاڑیوں کا بھی اعلان کیا جائے گا جو ڈرافٹ کا حصہ بیں گے۔

خیال ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن کا آغاز آئندہ برس 14 فروری سے ہوگا۔