پاکستان

پاک-ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی جلد تکمیل کے خواہشمند ہیں، ایرانی سفیر

پاکستان کےساتھ تعلقات کوبہت زیادہ اہمیت دیتےہیں،باہمی تعلقات کےفروغ کیلئےتمام چینلزبروئے کارلانا چاہتےہیں، مہدی ہنردوست
|

ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کا کہنا ہے کہ ایرانی قیادت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتی ہے اور باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے تمام چینلز بروئے کار لانا چاہتی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک بالخصوص بلوچستان اور سیستان بلوچستان کے مابین اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں زائرین کو تحفظ اور سہولیات کی فراہمی، مشترکہ سرحد کے مزید 2 مقامات پر آمدورفت کی سہولیات کی فراہمی اور گوادر چاہ بہار کے درمیان ریلوے سروس کے آغاز سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے ساتھ بینکنگ تعلقات میں تاخیر پر ایرانی سفیر کو افسوس

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ایران بین الاقوامی تجارتی پابندیوں کا استقامت سے مقابلہ کرتے ہوئے ترقی کی منازل طے کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، ایران اور افغانستان پر مشتمل خطہ توانائی کے وسائل اور معدنیات سے مالا مال ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا تھا کہ تینوں ممالک توانائی اور معدنیات کے شعبے میں مشترکہ کام کرکے بین الاقوامی مارکیٹ پر اثرانداز ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمینٹیرینز کے توسط سے باہمی تعلقات کا فروغ اچھی روایت ہے جسے مستقبل میں بھی برقرار رکھا جائے گا۔

اس موقع پر ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کا کہنا تھا کہ گذشتہ 2 برسوں کے دوران پاکستان اور ایران کا تجارتی حجم بڑھ کر 1.3 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے جس میں آئندہ برسوں میں مزید اضافہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ’ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعمیری کردار کیلئے تیار ہیں‘

انہوں نے کہا کہ ایرانی قیادت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتی ہے اور باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے تمام چینلز بروئے کار لانا چاہتی ہے۔

ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت پاک-ایران گیس پائپ لائن کے منصوبے کی جلد تکمیل کی خواہشمند ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ دونوں ممالک کی سرحدی تجارتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا۔