دنیا

فرانس: پولیس کی اسلامک سینٹر کے خلاف کارروائی، 11 افراد گرفتار

زہرہ سینٹر کے رہنماؤں کو مبینہ طور پر 'دہشت گرد تنظیموں' کی حمایت کے شبے میں گرفتار کیا گیا، سیکیورٹی ذرائع

لیلے: شمالی فرانس میں پولیس نے اسلامک ایسوسی ایشن کے ہیڈکوارٹرز اور اس کے رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مار کر 11 افراد کو گرفتار کرلیا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کو مبینہ طور پر 'دہشت گرد تنظیموں' کی حمایت کے شبے میں گرفتار کیا گیا۔

فرانسیسی حکام نے کہا کہ ساحلی شہر ڈنکِرک کے نواحی علاقے گرینڈ سینتھے میں واقع 'زہرہ سینٹر' کے خلاف کارروائی دہشت گردی کی روک تھام کے لیے کی گئی۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران 11 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ فرانسیسی انتظامیہ نے یحییٰ گوسمی کے سربراہی میں چلنے والے سینٹر کے مالی اثاثے بھی منجمد کر دیئے۔

یہ بھی پڑھیں: فرانس: ٹرک ڈرائیور نے 84 افراد کو کچل دیا

ایران سے تعلق رکھنے والے یحییٰ گوسمی کو یہودیوں کے خلاف نقطہ نظر رکھنے کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے۔

پولیس کچھ عرصے سے زہرہ سینٹر کی سرگرمیوں پر نظر رکھ رہی تھی کیونکہ اس کے رہنماؤں کی جانب سے کئی دہشت گرد تنظیموں اور تحاریک کی حمایت کی جارہی تھی، جو فرانس کے اقدار کے منافی ہے۔

حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ گرفتار افراد کا جون میں ایران کے اپوزیشن گروپ نیشنل کونسل آف ریزسٹنس آف ایران (این سی آر آئی) کی تقریب میں حملے کی مبینہ منصوبہ بندی سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔

مزید پڑھیں: یورپ میں دہشت گرد حملوں میں دگنا اضافہ

حملے کی مبینہ منصوبہ بندی کے انکشاف کے بعد پولیس نے بیلجیئم، فرانس اور جرمنی سے ایرانی سفارتکار سمیت 6 افراد کو حراست میں بھی لیا تھا۔

واضح رہے کہ 2015 میں دہشت گردی کی لہر کے بعد سے فرانس میں ہائی الرٹ ہے جس میں 246 افراد ہلاک ہوئے تھے۔