'تھرکول منصوبے کے متاثرین کیلئے روزگار کے بہترین مواقع'
سندھ اینگرو کول مائیننگ کمپنی (ایس ای سی ایم سی) کے تحت 2016 میں مقامی افراد کی سماجی اور معاشی بہبود کے لیے اقدامات اٹھاتے ہوئے تھر فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں آیا جس کے بارے میں ایس ای سی ایم سی کے ڈائریکٹر آپریشنز اینڈ مائینز مرتضیٰ اظہر رضوی نے بتایا کہ اس فاؤنڈیشن کا مقصد اقوام متحدہ کے سسٹین ایبل گولز یا پائیدار ترقی کے مقاصد (ایس ڈی جیز) کے تحت علاقے کو خود کفیل بنانا ہے۔
ماڈل ولیج
مرتضیٰ اظہر رضوی نے بتایا کہ تھر کول مائیننگ منصوبے سے 2 گاؤں (تھاریو ہالی پوٹو اور سنہری درس) کے 750 خاندان متاثر ہورہے ہیں جن کو نئی جگہ منتقل کیا جائے گا جبکہ مذکورہ گاؤں کے 2014 کے سروے کے تحت ہر شادی شدہ جوڑے کو ایک مکان بنا کردیا جائے گا جس کی لاگت 40 لاکھ روپے ہے، اس کے ساتھ ہی کمپنی کے 3 فیصد شیئر مذکورہ گھرانوں کو دیے گئے ہیں، جس کے بعد ہر خاندان کو 5 لاکھ روپے کے شیئر ملیں گے اور ان پر سالانہ ایک لاکھ روپے ڈیویڈنٹ ملے گا۔