5 سال بعد ڈرامے کا حصہ بن کر عینی جعفری پرجوش
اداکارہ اپنی ڈیبیو فلم کی ناکامی کے بعد اس وقت اپنے ڈرامے ’تجدید وفا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
پاکستانی اداکارہ عینی جعفری گزشتہ سال فلم ’بالو ماہی‘ میں جلوہ گر ہوئیں تھیں، تاہم اب وہ ٹیلی ویژن پر واپسی اختیار کرنے جارہی ہیں۔
وہ اس وقت ہم ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈرامے ’تجدید وفا‘ میں احمد علی اکبر، نوین وقار اور ہارون شاہد کے ساتھ کام کررہی ہیں۔
عینی جعفری 2013 سے کسی پاکستانی ڈرامے کا حصہ نہیں بنیں، جبکہ اب ان کا کہنا تھا کہ انہیں ٹیلی ویژن پر واپسی کرکے کافی خوشی محسوس ہورہی ہے۔
ڈان سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ٹیلی ویژن پر ڈراموں کے ساتھ میرا کیریئر شروع ہوا تھا، ہمارے اسکرپٹس بہت شاندار ہوتے ہیں، ان ڈراموں میں اہم کہانیاں دکھائی جاتی ہیں اور مجھے واقعی ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے میں گھر واپس آگئی ہوں‘۔