سابق بھارتی کپتان اظہرالدین بھی ٹی10 لیگ سے الگ ہو گئے
متنازع ٹی10 لیگ کی مشکلات میں ہر زگرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور سابق بھارتی کپتان محمد اظہر الدین نے لیگ سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے۔
گزشتہ ہفتے ٹی10 لیگ کی انتظامیہ نے قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اور بھارتی ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین کو ٹی10 لیگ کے لیے دنیا بھر سے نوجوان کھلاڑیوں کو ڈھونڈنے کی ذمے داری دی تھی لیکن ایک ہفتے بعد ہی اظہرالدین نے اپنا فیصلہ بدل لیا۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اظہر الدین نے کہا کہ مجھے ٹی10 لیگ کی انتظامیہ نے لیگ کے لیے بھارت سے نوجوان کھلاڑیوں کی کھوج کی ذمے داری سونپی تھی لیکن لیگ کے حوالے سے زیر گردش منفی خبروں کے سبب بہتر ہے کہ میں اس سے دور ہی رہوں، میری نیک خواہشات اس لیگ کے ساتھ ہیں۔
ٹی10 لیگ کا آغاز گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں ہوا تھا اور اس نے ملی جلی کامیابی حاصل کی تھی اور رواں سال کے ایڈیشن کے لیے ٹیموں کی تعداد چھ سے بڑھا کر 8 کردی گئی۔
لیکن رواں سال لیگ کے حوالے سے چند مشکوک اطلاعات سامنے آنے کے بعد رواں ماہ لیگ کے صدر سلمان اقبال نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
اس کے بعد قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے بھی سلمان اقبال کی پیروی کرتے ہوئے لیگ کا حصہ نہ بننے سے انکار کردیا تھا۔
تاہم لیگ کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین احسان مانی نے لیگ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں کو اس کے لیے این او سی جاری کرنے سے انکار کردیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ میری اولین ترجیح پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو کسی بھی قسم کی متنازع سرگرمی سے بچانا ہے کیونکہ پاکستان کی ساکھ ہی سب سے اہم چیز ہے لہٰذا جب تک مجھے اس لیگ کے حوالے سے اطمینان نہیں ہو جاتا، کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔