یہ ہے دنیا کا پہلا 5 کیمروں والا اسمارٹ فون
اگر اسمارٹ فونز میں زیادہ سے زیادہ کیمرے لگانے کی جنگ کی بات کی جائے تو لگتا ہے کہ ایل جی اس معاملے میں بازی مارنے والی ہے۔
کیونکہ اس کا نیا فلیگ شپ فون ایل جی وی 40 دنیا کا پہلا فون ہوگا جس میں مجموعی طور پر 5 کیمرے دیئے جائیں گے۔
یہ افواہیں تو کافی عرصے سے سامنے آرہی تھیں کہ ایل جی کے نئے فون میں آگے اور پیچھے 5 کیمرے دیئے جائیں گے مگر اب اس بات کی تصدیق کمپنی نے خود کردی ہے کہ اس فون میں 3 کیمرے بیک پر جبکہ 2 کیمرے فرنٹ پر دیئے جائیں گے۔
مزید پڑھیں : دنیا کا پہلا 5 کیمروں والا اسمارٹ فون
ویسے تو یہ فون 3 اکتوبر کو متعارف کرایا جائے گا مگر کمپنی نے اس بارے میں کچھ تفصیلات بشمول تصاویر اور ویڈیو اپنی کورین ویب سائٹ پر جاری کی ہیں۔
حیران کن طور پر کمپنی نے کیمروں کو ہی تمام پروموز میں نمایاں کیا ہے تاہم اس کے ہارڈوئیر کے بارے میں تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے۔
مگر ان پروموز سے جو کچھ معلوم ہوتا ہے کہ اس کے مطابق یہ فون 6.4 انچ اسکرین کے ساتھ ہوگا جبکہ گزشتہ سال ایل جی وی 30 میں 6 انچ کا ڈسپلے دیا گیا تھا، تاہم اسکرین سائز بڑھنے کے باوجود ڈیوائس کا حجم گزشتہ سال جتنا ہی ہے، جس کے لیے ڈیوائس کے بیزل کو کم کیا گیا ہے۔
یہ فون کم از کم 3 رنگوں گرے، ریڈ اور بلیو میں دستیاب ہوگا، جن کی جھلک ویڈیو میں دی گئی ہے۔
اس فون میں فلیش اور لیزر سنسر بھی بیک پر فنگرپرنٹ سنسر کے ساتھ موجود ہے۔