پاکستان

افغان سپر اسٹار راشد خان پاکستانی شہری نکلے

کوائف کے مطابق راشد خان کی تاریخ پیدائش 1996 کی ہے، انہوں نے جعلسازی سے شہریت حاصل کی، نادرا حکام
|

پشاور: کرکٹ کے افق پر ابھرنے والے افغانستان کے اسپنر راشد خان نے پاکستانی شہریت بھی حاصل کی ہوئی ہے۔

راشد خان کی درخواست کا عکس

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ترجمان فائق علی چاچڑ نے بتایا کہ راشد خان نے جعل سازی کے ساتھ اپنی دستاویزات جمع کروا کر پاکستانی شہریت حاصل کی۔

انہوں نے بتایا کہ راشد خان کی والدہ پاکستانی شہری ہیں جبکہ ان کے والد خلیل خان افغان شہری ہیں۔

ترجمان نادرا کا کہنا تھا کہ راشد خان کا اصلی نام راشدین ہے اور اس نے دھوکہ دہی سے 2014 میں شناختی کارڈ حاصل کیا تھا۔

مزید پڑھیں: راشد خان دنیا کے سب سے کم عمر عالمی نمبر1 باؤلر بن گئے

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے والد خلیل خان نے بھی جعل سازی کے ساتھ پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کیا ہوا تھا، جسے ادارے نے منسوخ کردیا۔

راشد خان کے ٹوکن کا عکس

فائق علی چاچڑ نے کہا کہ راشیدین نے مذکورہ نمبر کا شناختی کارڈ 17301-3027798-7 پشاور کے نادرا سینٹر سے حاصل کیا تھا۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ راشد خان کے کزنز کے پاس بھی پاکستان کا شناختی کارڈ موجود ہے، اور ان کی پاکستانی میں جائیدادیں بھی ہیں۔

قبائلی ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں راشدین کا خاندان اب بھی مقیم ہے۔

افغان کرکٹر راشد خان 2012 سے 2014 تک اسلامیہ کالج پشاور میں تعلیم حاصل کی اور اس دوران انہوں نے کرکٹ ٹورنامنٹس میں اسلامیہ کالج پشاور کی نمائندگی بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: افغان اسپنر راشد خان کا آسٹریلین بگ بیش سے معاہدہ

اس حوالے سے اس وقت اسلامیہ کالج پشاور کی کرکٹ ٹیم کے کوچ علی ہوتی نے بتایا کہ ’راشدین کی کرکٹ تربیت کا آغاز یہیں سے ہوا تھا اور انہوں نے 2 سال تک کالج کی ٹیم کی نمائندگی بھی کی‘۔

نادرا حکام نے انکشاف کیا کہ پاکستان میں جمع کروائے گئے کوائف کے مطابق راشد خان کی تاریخ پیدائش 1996 کی ہے۔

خیال رہے کہ راشد خان نے متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ کے دوران اپنی 20ویں سالگرہ منائی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ریکارڈ میں ان کی تاریخ پیدائش 1998 کی ہے۔

واضح رہے کہ راشد خان افغانستان کے مایہ ناز لیگ اسپینر ہیں جنہیں مستقبل میں دنیا کا خطرناک ترین باؤلر قرار دیا جارہا ہے۔