لائف اسٹائل

‘کیپٹن مارول’ غیر معمولی صلاحیتوں کی مالک خاتون

فلم میں ایئر فورس کی پائلٹ خاتون کو اچانک احساس ہوتا ہے کہ وہ عام عورت نہیں۔
Welcome

ہولی وڈ میں کئی دہائیوں سے سپر ہیرو سائنس فکشن فلموں کا راج تو جاری ہیں، تاہم اب پہلی بار ایک خاتون سپر ہیرو فلم بھی سامنے آنے والی ہے۔

سائنس فکشن اور سپر ہیروز فلمیں بنانے والے معروف فلم اسٹوڈیوز ‘مارول’ اور ‘ڈی سی’ کامک نے اب مرد سپر ہیروز کے بجائے خواتین سپر ہیروز کی فلمیں بنانے کے منصوبوں پر توجہ کرلی ہے۔

اور اس سلسلے کی پہلی کڑی کے طور پر مارول اسٹوڈیو کی پہلی خاتون سپر ہیرو فلم ‘کیپٹن مارول’ کا ٹریلر بھی جاری کردیا گیا، جس نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی۔

مارول اسٹوڈیو کے بینر تلے بننے والی اس پہلی خاتون سپر ہیرو فلم میں 28 سالہ اداکارہ بری لارسن سپر ہیرو کے روپ میں نظر آئیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی مسلم خاتون سپر ہیرو فلم بنائے جانے کا امکان

فلم کے ریلیز کیے گئے پہلے ٹریلر کو دیکھ کر کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم اندازہ ہوتا ہے کہ ‘کیپٹن مارول’ میں غیر معمولی صلاحیتوں کی مالک ایک خاتون کی زندگی اور جدوجہد کو دکھایا جائے گا۔

فلم کی کہانی بری لارسن یعنی کیپٹن مارول کی غیر معمولی صلاحیتوں کے گرد گھومتی ہے، وہ اگرچہ ایئر فورس کی پائلٹ بنتی ہیں، تاہم جلد ہی اسے اندازہ ہوجاتا ہے کہ وہ عام خاتون پائلٹ سے بڑھ کر ہیں۔

فلم میں 1990 کا زمانا دکھایا جائے گا۔

مارول اسٹوڈیو کے بینر تلے بننے والی اس فلم کو آئندہ برس مارچ تک ریلیز کیا جائے گا۔

بری لارسن کیپٹن مارول کا کردار کرتی نظر آئیں گی—اسکرین شاٹ

اینا بوڈن اور ریان فلیک کی اس فلم کو والٹ ڈزنی موشن پکچر کے بینر تلے ڈسٹری بیوٹ کیا جائے گا۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں سیموئل ایل جیکسن، بیل مینڈل سوہن، لی پیس اور کلارک گریگ سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

اس فلم کو ہولی وڈ سائنس فکشن سپر ہیروز فلموں کے لیے نئے دور کا آغاز بھی کہا جا رہا ہے، خیال کیا جا رہا ہے کہ اب آئندہ ایک دہائی تک صرف خواتین سپر ہیروز فلمیں ہی سامنے آئیں گی۔

مزید پڑھیں: ہولی وڈ کی پہلی پلس سائز خاتون سپر ہیرو فلم

‘کیپٹن مارول’ کے علاوہ ‘مس مارول’ اور پہلی پلز سائز خاتون سپر ہیرو فلمیں بنائے جانے کا بھی اعلان کیا جا چکا ہے۔

مارول کومکس نے ‘مس مارول’ نامی خواتین سپر ہیرو فلم بنانے کا اعلان بھی کر رکھا ہے، جس میں کئی خواتین سپر ہیروز شامل ہوں گی، جن میں ایک مسلم سپر ہیرو بھی شامل ہوں گی۔

مسلم سپر ہیرو کمالہ خان کا کردار پاکستانی نژاد سپر ہیرو کا ہوگا۔

علاوہ ازیں والینٹ کامکس اور سونی پکچرز نے بھی پلس سائز خاتون سپر ہیرو فلم بنانے کا اعلان کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی نژاد امریکی اداکارہ گال گدوت کی فلم ‘ونڈر ویمن’ کو بھی پہلی خاتون سپر ہیرو فلم کہا جاتا ہے۔