‘میری اننگز سے زیادہ کھلاڑیوں کے چھکے اہم تھے‘
ابوظہبی: اسٹار آل راؤنڈر شعیب ملک نے افغان ٹیم کے خلاف اپنی بلے بازی سے زیادہ ساتھی کھلاڑیوں کے چھکوں کو جیت کے لیے اہم قرار دے دیا۔
ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں افغانستان کے مقابلے میں شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ اور اپنے تجربے سے ٹیم کو کامیابی دلائی اور آخری اوور میں درکار 10 رنز محض 3 گیندوں پر حاصل کرلیے تھے۔
اسی میچ میں آصف علی اور محمد نواز نے ایک ایک چھکا لگایا اور اہم موقع پر وہ شعیب ملک کو وکٹ پر اکیلا چھوڑ گئے تھے جبکہ حسن علی نے بھی ایک چھکا لگایا اور وہ ناٹ آؤٹ رہے۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ: اسپاٹ فکسنگ کے خلاف خالد لطیف کی درخواست سماعت کیلئے مقرر
شعیب ملک 51 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے اور حسن علی نے آوٹ ہوئے بغیر 6 رنز بنائے۔
سوشل میڈیا پرپوسٹ ہونے والی ویڈیو میں شعیب ملک نے کہا کہ ‘ ٹیم بہت اچھا کھیلی، میچ کے دوران کئی نشب و فراز بھی آتے ہیں لیکن آخری وقت تک مقابلہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اُن کی بیٹنگ سے زیادہ اہم ساتھی کھلاڑیوں کے آخری وقت میں لگائے گئے چھکے تھے’۔
شعیب ملک نے کہا کہ پہلے میچ جتنے سے اعمتاد بڑھ جاتا ہے اور پھر اگلے میچ میں بھی پرفارمنس بہتر ہوجاتی ہے،اچھی کارکردگی کی تمام تر ذمہ داری انفرادی نہیں بلکہ پوری ٹیم اور پوری قوم کو جاتی ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں اگلا میچ روایتی حریف بھارت کے ساتھ ہے جس کے حوالے سے شعیب ملک نے قوم کو پیغام دیا کہ ‘ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، انشااللہ اچھی پرفارمنس دیں گے’۔
مزیدپڑھیں: ایشیا کپ: پاکستان نے افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی
پاکستان نے ایشیا کپ کے پہلے مرحلے کا آغاز بہترین انداز میں کیا تھا اور ہانگ کانگ کو پہلے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دی تھی لیکن دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ادھر افغانستان کی ٹیم اب تک ایونٹ میں اچھی کارکردگی دکھاتے آرہی ہے اور اس نے سری لنکا کو اپنے پہلے میچ میں بھاری مارجن سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں بنگلہ دیش کو عبرت ناک شکست دی تھی۔