پاکستان

ججز کےخلاف نازیبا زبان، فیصل رضا عابدی کیخلاف مقدمات

سابق سینیٹر کے خلاف انسدا دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، پولیس حکام

اسلام آباد: سپریم کورٹ اور اس کے ججز کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور اسلام آباد پولیس نے مقدمات درج کر لیے۔

پولیس حکام نے کہا کہ سابق سینیٹر کے خلاف انسدا دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جبکہ ایف آئی اے اور پولیس ان کے خلاف علیحدہ علیحدہ تحقیقات کریں گی۔

ایف آئی اے میں درج ہونے والے مقدمے میں ویب چینل 'نیا پاکستان' پر 2 جولائی کو نشر ہونے والے پروگرام 'صبح صبح نیا پاکستان' میں مہمان فیصل رضا عابدی تھے۔

مزید پڑھیں: عدلیہ مخالف بیان پر از خود نوٹس: فیصل رضا عابدی کو ہر صورت پیش کرنے کا حکم

پروگرام کے دوران فیصل رضا عابدی نے ارادی طور پر اور مذموم مقاصد کے تحت چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف نازیبا اور توہین آمیز زبان استعمال کی جو حکومت، عوام اور معاشرے میں خوف اور دہشت پھیلانے کے مترادف ہے۔

مقدمے میں کہا گیا ہے کہ فیصل رضا عابدی الیکٹرانک جرائم کے ایکٹ 2016 اور پاکستان پینل کوڈ کی متعدد دفعات کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔

ایف آئی اے عہدیدار کا کہنا تھا کہ فیصل رضا عابدی کے خلاف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ اور پاکستان پینل کوڈ کے تحت مقدمہ ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے درج کیا۔

فیصل رضا عابدی کے خلاف دوسرا مقدمہ تھانہ سیکریٹریٹ میں سپریم کورٹ کے تعلقات عامہ کے افسر شاہد حسین کمبیو کی مدعیت میں پاکستان پینل کوڈ اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی متعدد دفعات کے تحت درج کیا گیا۔

مقدمے میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ملزم کو واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ تحقیقات کے دوران ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون کی بھی شناخت کی جائے گی۔

مقدمے کے مطابق سابق سینیٹر نے نازیبا، تضحیک اور دھمکی آمیز زبان استعمال کی اور آئین کے تحت تشکیل پانے والے سرکاری اداروں پر بے بنیاد الزامات لگائے، جبکہ اعلیٰ عہدوں پر فائز افراد پر بھی الزامات لگائے۔

یہ بھی پڑھیں: عدلیہ مخالف بیان: چیف جسٹس کا فیصل رضا عابدی کا کیس سننے سے انکار

ایف آئی میں کہا گیا ہے کہ اپنی تقریر کے ذریعے فیصل رضا عابدی نے عوام کو خوفزہ کیا اور گھبراہٹ پھیلائی اور قانونی اداروں کو ان کے فرائض کی انجام دہی سے روکنے کے لیے اکسایا۔

پولیس افسر نے ڈان کو بتایا کہ پروگرام کی اینکر پرسن کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عاشورہ کے بعد فیصل رضا عابدی کی گرفتاری کی کوشش کی جائے گی اور اس سلسلے میں ٹیم کراچی بھیجی جائے گی۔


یہ خبر 21 ستمبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔