نواز شریف کی جیل سے تصاویر لیک ہونے کا معاملہ، تحقیقات کیلئے 2 رکنی کمیٹی قائم
راولپنڈی: انسپکٹر جنرل (آئی جی) جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ نے اڈیالہ جیل سے سابق وزیراعظم نواز شریف اور پارٹی رہنما حنیف عباسی کی تصاویر لیک ہونے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے واقع کی تحقیقات 2 رکنی کمیٹی کو سونپ دیں۔
آئی جی جیل خانہ جات کی 2 رکنی تحقیقاتی کمیٹی میں ڈی آئی جی جیل خانہ جات ملتان ریجن ملک شوکت فیروز اور اے آئی جی جوڈیشل ملک صفدر نواز شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی 21 ستمبر کو اڈیالہ جیل پہنچ کر معاملے کی تحقیقات کرے گی۔
مزید پڑھیں: اڈیالہ جیل سے رہائی، نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر لاہور پہنچ گئے
آئی جی جیل خانہ جات آفس کے ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی کی رپورٹ پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، ان کا مزید کہنا تھا تصاویر نواز شریف کی ضمانت کے بعد کی ہیں اور یہ جیل کے اندر کی نہیں ہیں۔
ادھر مذکورہ تصاویر کے حوالے سے جیل حکام کا موقف تھا کہ سپرنٹنڈنٹ جیل حنیف عباسی یا کسی بھی قیدی کو دفتر بلا سکتے ہیں۔
جبکہ جیل ذرائع نے کہا کہ رہائی پر مٹھائی کا جیل میں آنا معمول کی بات ہے اور ساتھ ہی کہا کہ صرف موبائل کیمرے کے سپرنٹنڈنٹ آفس تک جانے کی انکوائری کی جائے گی۔