پاکستان

’معاملہ آگے بڑھے گا اور قانون یقیناً اپنا راستہ بنائے گا‘

پاکستان میں عدالتیں آزاد ہیں اور ہم عدالتوں کا مکمل احترام کرتے ہیں، سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی فواد چوہدری

اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی کے فیصلے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے بھی ردِ عمل سامنے آگیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا جس میں وفاقی وزیرِ اطلاعات اور پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں عدالتیں آزاد ہیں اور ہم عدالتوں کا مکمل احترام کرتے ہیں، ابھی معاملہ مزید آگے بڑھے گا اور قانون یقیناً اپنا راستہ بنائے گا‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پہلے فیصلوں کی طرح آج کے فیصلے کا احترام بھی واجب سمجھتے ہیں‘۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو ایک آزاد اور خودمختار ادارہ ہے، یہ اپنی سرگرمیاں خود کرتا ہے، حکومت کا اس میں کوئی کردار نہیں۔

مزید پڑھیں: نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کی سزائیں معطل

وفاقی وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت اور عوام کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی چاہتے ہیں، اور یہ قوم چاہتی ہے کہ اس کی لوٹی گئی دولت واپس پاکستان لائی جانی چاہیے۔

فواد چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت لوٹی ہوئی رقم واپس پاکستان لانے کے اس بنیادی ہدف کا حصول یقینی بنائے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شریف خاندان کے کردار کے حوالے سے قوم کی نظروں میں کوئی ابہام باقی نہیں، شریف خاندان ابھی بھی ثابت نہیں کرسکا کہ ان کی ملکیت میں اربوں روپے کہاں سے آئے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ پروسیجرل بنیادوں پر آج کا فیصلہ سامنے آیا ہے، معاملہ آگے بڑھے گا اور قانون یقیناً اپنا راستہ لے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ’نواز شریف کو انتخابی دوڑ سے دور کرکے عمران خان کیلئے راہ ہموار کی گئی‘

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کی سزاؤں کو معطل کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔

عدالتی فیصلے کے بعد لیگی رہنماؤں کی جانب سے اظہارِ تشکر کیا جارہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ سزاؤں کا فیصلہ نواز شریف کو انتخابات سے دور رکھنے کے لیے دیا گیا تھا۔

نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کی سزا معطلی کے فیصلے کے بعد لیگی رہنماؤں کی جانب سے جشن منایا جارہا اور مٹھیاں تقسیم کی جارہی ہیں۔