ناانصافی پر خواتین کو کئی سال تک خاموش نہیں رہنا چاہیے، صدف کنول
پاکستانی ماڈل صدف کنول کے می ٹو مہم پر جاری ایک بیان کے بعد انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
صدف کنول ساتھی ماڈل آمنہ الیاس کے ہمراہ ٹونائٹ ود ایچ ایس وائے شو پر جلوہ گر ہوئیں جہاں میزبان حسن شہریار یاسین نے ان سے می ٹو مہم کے حوالے سے سوال کیے۔
تاہم ماڈل کے جواب نے ان کے مداحوں کو کافی حیران کردیا۔
صدف کنول کا کہنا تھا کہ ’آپ کے ساتھ جب می ٹو ہو، تب بول دو، بعد میں آپ کو یاد آرہا ہے می ٹو، تو میرے خیال سے جب ہو تب ہی بولو‘۔
مزید پڑھیں: ’می ٹو‘: جنسی طور پر ہراساں ہونے والی خواتین کی مہم نے دنیا کو ہلا دیا
انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر میرے ساتھ می ٹو کبھی ہوا تو میں بولوں گی نا، اور میں سوشل میڈیا پر نہیں بولوں گی، میں آپ سب کو بتاؤں گی‘۔
یاد رہے کہ جس می ٹو مہم کی بات صدف کنول کررہی ہیں اس کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب خواتین نے اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھانا شروع ہوئی تھی۔