انسانوں کی شخصیت صرف 4 اقسام کی ہوتی ہے، تحقیق
ہوسکتا ہے کہ آپ کو لگتا ہو کہ دنیا میں آپ جیسا کوئی نہیں مگر سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ انسانی شخصیت درحقیقت 4 اقسام کی ہوتی ہیں۔
دنیا بھر میں 15 لاکھ افراد پر ہونے والی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ انسانی شخصیت 4 اقسام کی ہے، ایک اوسط شخصیت، دوسری خود میں گم رہنے والی، تیسری اپنی ذات کو اہمیت دینا اور چوتھا رول ماڈل ہے۔
اس نئی تحقیق میں نفسیات کے موجودہ نظریات کو چیلنج کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : انسانی جسم میں ڈی این اے کی لمبائی کتنی؟
امریکا کی نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کی تحقیق میں 15 لاکھ افراد سے مختلف سوالنامے بھروائے گئے اور پھر انہیں پانچ شخصی عادات یعنی کھلے پن، باہری دنیا پر توجہ دینا، مطابقت، ایمانداری اور خلل اعصاب کے مطابق نمبر دیئے گئے۔
محققین کا کہنا تھا کہ ڈیٹا سے معلوم ہوتا ہے کہ انسان 4 اقسام کے ہوتے ہیں اور ان کی خصوصیات سے اس کا اندازہ ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق اوسط یا ایوریج شخصیت کے حامل افراد میں خلل اعصاب اور ایمانداری زیادہ ہوتی ہے جبکہ کھلے پن میں وہ بہت پیچھے ہوتے ہیں، مردوں کے مقابلے میں خواتین اس زمرے میں زیادہ آتی ہیں۔
اسی طرح خود میں گم رہنے والے افراد جذباتی طور پر مستحکم ہوتے ہیں مگر کھل کر بات کرنے سے گھبراتے ہیں تاہم مطابقت اور ایمانداری ان میں کافی زیادہ ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نام ہماری شخصیت پر کیا اثرات مرتب کرتے ہیں؟
اپنے آپ کو اہمیت دینے والے باہری دنیا میں بہت زیادہ دلچسپی لیتے ہیں مگر باقی چیزوں میں ان کے نمبر بہت کم ہوتے ہیں۔
جہاں تک رول ماڈل کی بات ہے تو وہ خلل اعصاب سے محفوظ ہوتے ہیں جبکہ دیگر شخصی عادتوں میں سب سے آگے ہوتے ہیں، یہاں بھی مردوں کے مقابلے میں خواتین کے آگے ہونے کا امکان زیادہ ہے۔
اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے نیچر ہیومین بی ہیوئیر میں شائع ہوئے، جس میں محققین کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔