کھیل

ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز تیسری مرتبہ کیریبیئن پریمیئر لیگ کی چیمپیئن

کولن منرو کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز نے گیانا ایمیزون واریئرز کو فائنل میں 8وکٹوں سے شکست دی۔

برج ٹاؤن: کولن منرو کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز نے تیسری مرتبہ کیریبین پریمیئر لیگ کا چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے کیریبین پریمیئر لیگ کے فائنل میں گیانا ایمیزون واریئرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 147 رنز بنائے۔

لیوک رونکی 44 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ جیسن محمد 24، شیمرون ہٹمیئر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ٹرنباگو کے کھاری پیری نے 3 جبکہ ڈیوین براوو نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کو یکطرفہ بنا دیا اور میزبان ٹیم نے مطلوبہ ہدف 17.3 اوورز میں 2 وکٹوں پر پورا کیا۔

کولن منرو نے 39 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلائی جبکہ برینڈن میک کولم 39 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

8وکٹوں کی فتح کے ساتھ ہی ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز ے تیسری مرتبہ کیریبیئن پریمیئر لیگ کی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

کھاری پیری کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ کولن منرو 567رنز بنانے پر ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔