بگ باس 12 کے آغاز میں ہی تنازع
بھارت کے معروف متنازع ریئلٹی ٹی وی شو ‘بگ باس’ کے 12 ویں سیزن کا آغاز 16 ستمبر کو ہوا۔
اگرچہ یہ شو اپنے تنازعات کی وجہ سے ہی خبروں میں رہتا ہے، لیکن اس بار اس شو کا آغاز ہی ایک تنازع سے ہوا اور لوگ شو میں شرکت کرنے والی پہلی جوڑی کو دیکھ کر ہی حیران رہ گئے۔
اس بار ‘بگ باس’ کی تھیم ‘جوڑی’ رکھی گئی ہے اور اس تھیم کے تحت کئی معروف جوڑیاں اس پروگرام میں شرکت کریں گی۔
اس تھیم کے تحت بگ باس 12 کی پہلی قسط اور آغاز میں ہی ایک ایسی جوڑی نے شرکت کی، جسے دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔
شو کی پہلی قسط میں 65 سالہ گلوکار انوپ جلوتا اور ان کی 28 سالہ گرل فرینڈ جیسلین میتھریو نمودار ہوئیں اور توقعات کے بر خلاف انہوں نے آن ایئر ہی اپنی محبت کا اظہار کردیا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق پہلی قسط میں ہی 65 سالہ گلوکار نے اعتراف کیا کہ وہ گزشتہ چند سال سے اپنی ہی شاگرد گلوکارہ اور خود سے 37 سالہ کم عمر جیسلین میتھیو سے محبت کر رہے ہیں۔