ڈاکٹر فاروق ستار، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے مستعفی
ذاتی وجوہات کی بنیاد پر میں بحیثیت رکنِ رابطہ کمیٹی کام کرنے سے معذرت چاہتا ہوں، فاروق ستار کے استعفے کا متن
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سابق کنوینر اور سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے ذاتی وجوہات پر رابطہ کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا۔
ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کو ارسال کیے گئے استعفے میں ڈاکٹرفاروق ستار نے لکھا کہ ’اپنی ذاتی وجوہات کی بنیاد پر میں بحیثیت رکنِ رابطہ کمیٹی کام کرنے سے معذرت چاہتا ہوں‘۔
ایم کیو ایم ذرائع کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کا پی آئی بی اور بہادر آباد گروپ انتخابات 2018 سے قبل ایک ہوگیا تھا، لیکن فاروق ستار اور ڈپٹی کنوینر عامر خان کے درمیان اختلافات برقرار تھے۔
مزید پڑھیں : ’علی رضا عابدی نے دلبرداشتہ ہوکر استعفیٰ دیا‘
ذرائع کا کہنا تھا کہ پارٹی کی جانب سے فاروق ستار کو الیکشن میں استعمال کی گئی ایم کیو ایم کے زیرِ ملکیت گاڑی کو بہادرآباد پہنچانے کا کہا گیا تھا جس پر ان کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے۔