وازوان: بادشاہوں اور ملکاؤں کا پکوان
چاروں طرف پہاڑوں سے گھری ہوئی وادی کشمیر دلکش مناظر، لطیف موسم، برف سے ڈھکی ہوئی چوٹیوں، نیلے پانیوں، ثقافتی ورثے، اور یقینی طور پر منہ میں پانی بھر دینے والے کھانوں سے مالامال ہے۔
کشمیری پکوان کی ڈشیں روغن جوش، مدھر پلاؤ، مٹھ گنڈ، یخنی، دم آلو، کشمیری موجہ گاڑ، آب گوشت، گوشتابہ، اور کئی دیگر آپ کی بھوک تو مٹا دیں گی مگر آپ کی حسِ ذائقہ ان کے بھرپور ذائقے سے کبھی بھی ان سے سیر نہیں ہوگی۔
اگر آپ کو ایک ہی ساتھ ان تمام لذیذ ڈشز کو چکھنے کا موقع ملے تو؟ یہ صرف تب ممکن ہے جب آپ وازوان کا مزہ لیں۔ اور آپ کو اپنی زندگی میں یہ کم از کم ایک بار تو ضرور کرنا چاہیے۔ وازوان روایتی کشمیری پکوان میں ایک کئی ڈشز پر مبنی غذا ہے جس میں تمام طرح کی ذائقہ دار ڈشز موجود ہوتی ہیں۔ اسے خصوصی مواقع، مثلاً شادیوں یا منگنیوں میں بنایا جاتا ہے مگر اسے تعزیت یا چہلم کے موقع پر بھی عذر خواہوں کے لیے بنایا جاتا ہے۔ مگر باقاعدہ رسمی وازوان تو ایک شاہی دعوت کی طرح ہوتا ہے۔
پڑھیے: پکوان کہانی: مٹن دم بریانی
کوشر (کشمیری) زبان میں واز کا مطلب پکانا اور وان کا مطلب دکان ہوتا ہے۔ وازوان میں کم از کم 7 ڈشیں لازماً جبکہ زیادہ سے زیادہ 30 ڈشیں ہو سکتی ہیں۔ 17 سے لے کر 22 ڈشز ایسی ہیں جن میں موقع محل اور میزبان کی معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے گوشت استعمال ہوتا ہے۔ یہ آسانی سے سب سے بھرپور اور سب سے مہنگی دعوتوں میں سے ہوسکتی ہے۔ صدی در صدی وازوان کا مقدار اور معیار دونوں ہی کے حوالے سے ارتقاء ہوا ہے۔
اسلام آباد میں مقیم صحافی اور سماجی کارکن سعدیہ مظہر کہتی ہیں کہ "مجھے 30 سے زائد ڈشز پر مبنی اس کشمیری روایت وازوان کے بارے میں جان کر بہت حیرانی ہوئی تھی۔ یونیورسٹی میں ایک کشمیری دوست نے ایک بار اس کے بارے میں بتایا تھا اور ہم نے سوچا تھا کہ اسے ایک اور کشمیری دوست کے گھر پر چکھیں گے۔ یہ واقعی ایک زبردست تجربہ تھا کیوں کہ کشمیری پکوانوں میں اپنی ایک انفرادیت ہے جو کہ ان کی میزبانی سے ظاہر ہوتی ہے۔"