پاکستان: مخنثوں کے کالج سے پہلے بیچ نے تعلیم مکمل کرلی
لاہور میں ٹرانس جینڈر افراد کا پہلا اسکول و کالج رواں برس اپریل میں کھولا گیا تھا۔
رواں برس اپریل میں پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کھولے گئے خواجہ سرا کمیونٹی کے اسکول و کالج سے پہلے بیچ نے تعلیم مکمل کرلی۔
خیال رہے کہ لاہور کے معروف علاقے ماڈل ٹاؤن میں ایک سماجی تنظیم کی جانب سے کھولے گئے ’دی جینڈر گارڈین‘ میں ٹرانس جینڈر افراد کو پرائمری سے لے کر 12 جماعت تک مفت تعلیم دی جاتی ہے۔
علاوہ ازیں اسی کالج و اسکول کی جانب سے خواجہ سرا کمیونٹی کو تربیتی کورسز بھی مفت کرائے جاتے ہیں۔
خواجہ سرا کمیونٹی کے افراد کو باعزت نوکریاں حاصل کرنے اور معاشرے کا اہم فرد بنانے کے لیے اسکول و کالج کی جانب سے انہیں نہ صرف قانونی تعلیم دی جاتی ہے، بلکہ انہیں ضرورت پڑنے پر قانونی و مالی مدد بھی فراہم کی جاتی ہے۔