پاکستان

ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی، ایک شہری جاں بحق

بھارتی فوج نے بھمبر کے علاقے میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں گفتار حسین جاں بحق ہوا، پولیس

آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق ہوگیا۔

حکام کے مطابق بھارت کی جانب سے ایک مرتبہ پھر ایل او سی کی خلاف ورزی کی گئی اور بھارتی فوج نے جنوبی بھمبر کے علاقے میں مارٹر شیل فائر کیے، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) بھمبر چوہدری ذوالقرنین سرفراز کا کہنا تھا کہ ’بھارتی فوج نے جنوبی بھمبر کے سماہنی سیکٹر کے گاؤں سرائے سعدآباد میں شیل فائر کیا جو گھر کے صحن میں آکر گرا، جس کے نتیجے میں 51 سالہ گفتار حسین موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ گھر کے دیگر افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے‘۔

مزید پڑھیں: بلا اشتعال فائرنگ، پاکستان کا بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے احتجاج

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ ’ جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے‘۔

دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر خنجر سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 51 سالہ گفتار حسین جاں بحق ہوا جو جمڑا گاؤں کا رہائشی تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے دشمن کی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا اور ان کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔

خیال رہے کہ جس علاقے میں بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، پاک فوج اس علاقے کو خنجر سیکٹر کے نام سے موسوم کرتی ہے۔

واضح رہے کہ نومبر 2003 میں پاکستان اور بھارت کی افواج کے درمیان لائن آف کنٹرول پر ایک جنگ بندی کا تاریخی معاہدہ ہوا تھا۔

تاہم اس معاہدے کے باوجود بھارت کی جانب سے مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے اور آئے روز بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کرتی ہے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہے۔

رواں سال مئی میں دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان ہاٹ لائن سطح پر خصوصی رابطہ ہوا تھا اور دونوں موجودہ صورتحال کی بہتری، امن کو یقینی بنانے اور ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر شہریوں کی مشکلات کو چھٹکارا دلانے پر متفق ہوئے تھے۔

اس کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز 2003 کے جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد پر من و عن عمل کرنے پر راضی ہوئے تھے، ساتھ ہی یہ بھی یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ دونوں اطراف سے جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی جائے گی۔

تاہم اس ملاقات کے باوجود بھارت نے جنگ بندی معاہدے پر عمل نہیں کیا اور معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے۔

ایس ایس پی ذوالقرنین سرفراز کا کہنا تھا کہ ’ حقیقت میں بھارتی فوج فوج جان بوجھ کر معصوم اور غیر مسلح شہریوں کو نشانہ بناتی ہے تاکہ ان میں پریشانی پیدا کی جاسکے، تاہم وہ پرعزم شہری آبادی کے حوصلے پست کرنے میں ناکام ہوگئے‘۔

یہ بھی پڑھیں: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ،بزرگ شہری جاں بحق

بھارت کی جانب سے حالیہ خلاف ورزی 3 ستمبر کو ضلع کوٹلی کے گوئی سیکٹر کے گاؤں میں کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا، جو 9 ستمبر کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر سعید قریشی کے مطابق رواں سال اب تک بھارتی اشتعال انگیزی سے آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں 7 خواتین سمیت 25 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 139 زخمی ہوئے، جن میں 67 خواتین بھی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال بھارتی شیلنگ سے 28 گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا جبکہ 2 گھر اور ایک دکان مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔