جنوبی وزیرستان: گاؤں میں بجلی کا پہلا منصوبہ، 100 روپے فی گھر!
آج ہم بہت خوش ہیں کیوں کہ ہمیں پہلی بار بجلی کی سہولت ملنے والی ہے، قبائلی افراد
پشاور: عسکریت پسندی سے بری طرح متاثر ہونے والے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے بعد اب زندگی معمول پر آنا شروع ہوگئی۔
جس کے بعد تاریخ میں پہلی مرتبہ دور دراز قبائلی گاؤں کے رہائشی بھی زندگی کی بنیادی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
واضح رہے کہ پاک فوج کی جانب سے عارضی طور پر بے گھر ہوئے افراد کو واپسی پر بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور اسی سلسلے میں افغانستان کی سرحد کے قریب واقع گاؤں گیگا خیل میں مائیکرو ہائیڈل پاور پلانٹ کا افتتاح کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی وزیرستان: ’عسکریت پسندوں‘ کی درجنوں دکانیں مسمار
پاور پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر مقامی افراد کی بڑی تعداد بھی موجود تھی اس حوالے سے ایک مقامی عمائد کا کہنا تھا کہ ’آج ہم بہت خوش ہیں کیوں کہ پہلی بار ہمیں بجلی کی سہولت ملنے والی ہے‘۔