پاکستان

اسلام آباد میں 2 ماہ کیلئے ڈبل سواری پر پابندی عائد

محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر پابندی لگائی گئی۔
|

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر 2 ماہ کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر دفعہ 144 کے تحت ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر پابندی لگائی گئی۔

مزید پڑھیں: سندھ میں 8 سے 10 محرم تک ڈبل سواری پر پابندی عائد

دفعہ 144 کے تحت اسلحہ کی نمائش، لاؤڈ اسپیکر کا غلط استعمال، پوسٹر لگانے، پمفلٹ تقسیم کرنے دیواروں پر چاکنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور یہ 2 مہینے تک جاری رہے گا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سندھ حکومت نے محرم الحرام کے پیش نظر صوبے بھر میں 8 سے 10 محرم تک ڈبل سواری پر پابندی عائد کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: یوم علیؓ: صوبائی حکومت کا ڈبل سواری پر پابندی کا اعلان

محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ امن عامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے یکم تا 10 محرم تک کرمنل پراسیجر کوڈ کے تحت دفعہ 144 نافذ رہے گی، جس کے تحت محرم الحرام کے 3 روز تک ڈبل سواری کی بھی ممانعت ہوگی۔

البتہ اس پابندی کا اطلاق خواتین، 12 سال سے کم عمر بچوں، بزرگوں، صحافیوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں، ڈاکٹروں، فائر فائٹرز اور ریسکیو سروسز کے ملازمین پر نہیں ہوگا۔