پاکستان

وزیر اعظم عمران خان سے چین اور سعودی عرب کے وزرا کی ملاقاتیں

دونوں شخصیات سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران مختلف معاملات سمیت باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
|

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ اور سعودی عرب کے وزیر اطلاعات نے وزیر اعظم ہاؤس میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی امور پر تبادلہ خیال کے ساتھ مختلف معاملات پر بات چیت کی گئی، اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری بھی موجود تھے۔

سعودی عرب کے وزیر اطلاعات اور ثقافت عواد بن صالح العواد نے وزیر اعظم عمران خان کو یقین دلایا کہ خطے میں قیام امن اور استحکام کے لیے سعودی عرب پاکستان کے اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

ملاقات کے بارے میں ریڈیو پاکستان کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعودی حکام نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی طرف سے عمران خان کو وزیر اعظم بننے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں سعودی عرب کے دورے کی دعوت بھی دی۔

خیال رہے کہ عواد بن صالح العواد نے ایک روز قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی تھی اور پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

قبل ازیں سعودی وزیر اطلاعات نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی تھی اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی مضبوطی کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔

عمران خان سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات

دوسری جانب 3 روزہ دورے پر پاکستان آئے ہوئے چینی وزیر خارجہ وانگ یہ نے بھی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

چینی وزیر خارجی وانگ یی نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی— فوٹو: بشکریہ ریڈیو پاکستان

ملاقات کے دوران پاک چین تعلقات سمیت دونوں ممالک کے درمیان باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل گزشتہ روز چینی وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی اور جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی، اس دوران شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصب کو اس بات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) نئی حکومت کی بھی ترجیح رہے گا۔

ملاقات کے دوران وانگ یہ نے اس تاثر کو مسترد کیا تھا کہ سی پیک منصوبوں سے پاکستان پر قرضوں کا بوجھ پڑے گا۔

حج کوٹہ میں اضافے کا مطالبہ

سعودی وزیر اطلاعات و ثقافت ڈاکٹر عواد بن صالح نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری، پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی، وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ممتاز علی شاہ اور وزارت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

— فوٹو: جاوید حسین

سعودی وزیر ڈاکٹر عواد نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب باہم محبت، دوستی اور بھائی چارے کے بندھن میں جڑے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے عوام میں جذباتی قربت اور وابستگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی ہر کڑے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے سعودی وزیر اطلاعات و ثقافت کی پاکستان آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اور درخواست کی کہ سعودی حکومت پاکستان کیلئے مختص حج کوٹہ میں مزید 40 سے 45 ہزار کا اضافہ کرے اور عمرہ زائرین کے لیے بهی مزید آسانیاں پیدا کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان مکہ اور مدینہ منورہ میں پاکستان ہاؤس قائم کرنا چاہتی ہے اور اس کے لیے سعودی حکومت اراضی فراہم کرے۔

سعودی وزیر اطلاعات و ثقافت ڈاکٹر عواد نے آمادگی کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ آئندہ سال حج میں پاکستانیوں کے کوٹہ میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ عمرہ زائرین کے لیے بھی مزید آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔

مکہ اور مدینہ منورہ میں اراضی کی فراہمی کے حوالے سے ڈاکٹر عواد بن صالح نے کہا کہ اس مطالبے کو سعودی فرمانروا شاہ سلیمان کے سامنے پیش کیا جائے گا اور انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیراعظم پاکستان کی سعودی عرب آمد کے موقع پر اس مسئلہ کو بھی حل کرلیا جائے گا۔