پاکستان

یوم بحریہ پر شہدا اور غازیوں کیلئے خراج عقیدت

8 ستمبر 1965 کی جنگ کی یاد میں پاک بحریہ کی جانب سے یوم بحریہ ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔

کراچی: 8 ستمبر 1965 کی جنگ کی یاد میں پاک بحریہ کی جانب سے یوم بحریہ ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔

دوارکا پر پاک بحریہ کے جنگی جہازوں کا دلیرا نہ حملہ اور پاک بحریہ کی آبدوز غازی کی جانب سے پورے بھارتی فلیٹ کو ایک جگہ محصور کرکے رکھنا، اس دن کی قابل فخر یاد داشتیں ہیں۔

اس موقع پر اپنے پیغام میں، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ پاک بحریہ یہ دن اپنے غازیوں اور جنگ کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مناتی ہے جن کی قربانیاں اور دلیرانہ کاروائیاں ہمارے اندر ایک نیا عزم اور جذبہ پیدا کردیتی ہیں۔

اپنے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پاک بحریہ نے ایک پر وقار چار جہتی ڈیمو کا انعقاد پی این ایس قاسم منوڑہ میں کیا، اس تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ تھے۔

پاک بحریہ کے اس خصوصی مظاہرے میں جنگی جہازوں کا اسکم پاسٹ، ہوائی جہازوں کا فلائی پاسٹ، VBSS آپریشن، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن، پیرا جمپس، فاسٹ بوٹ ریکوری اور ایلویٹ ہیلی کاپٹر کی جانب سے ایروبیٹکس شامل تھے۔

اس کے علاوہ پا ک میرینزاور اسپیشل سروس گروپ (نیوی) پر مشتمل پاکستان نیوی کی اسپیشل آپریشن فورسز کی جانب سے بیچ اسالٹ ڈرلز بھی پیش کی گئیں جبکہ پاک بحریہ کے فریگیٹ، آبدوزیں اور میزائل بوٹس بھی اس خصوصی مظاہرے کا حصہ تھیں۔

تقریب میں سول ملٹری شخصیات، شہداء کے لواحقین اور جنگ ستمبر کے غازیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔