سی پیک کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام آباد: پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ چینی شہریوں کا تحفظ اور سی پیک کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد چینی وزیر خارجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 'پاک ۔ چین دوستی کو عوامی اور حکومتی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہے اور وانگ ژی پاکستان کے دیرینہ دوست ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'آج کے مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات اور عالمی امور پر بات چیت ہوئی، چینی وزیر خارجہ سے غربت کے خاتمے، تجارتی تعاون بڑھانے اور برآمدات کے فروغ سمیت اہم امور پر بات کی ہے۔'
ان کا کہنا تھا کہ 'دہشت گردی کے خلاف مشترکہ میکینزم بنانے اور چین کے ساتھ برآمدات پر سبسڈیز پر بھی بات ہوئی ہے۔'
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 'پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے اور چین نے پاکستان کی قربانیوں کو سراہا، پاکستان پرعزم ہے کہ وہ اپنی سرزمین کسی کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گا۔'
ان کا کہنا تھا کہ 'سی پیک منصوبہ چینی صدر کے 'ون بیلٹ، ون روڈ' وژن کا عکاس ہے، چینی شہریوں کا تحفظ اور سی پیک کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ پاکستان، چین کے ساتھ عالمی فورمز پر بھی مل کر کام کرتا رہے گا۔'
انہوں نے کہا کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے نومبر میں وزیر اعظم عمران خان کو دورہ چین کی دعوت دی ہے۔